پیٹرولیم مصنوعات،زخموں پر نمک پاشی

ہفتہ اگست

 Nasir Alam

ناصرعالم

 عوام کو زندگی کی بنیادی سہولیات ان کی دہلیز پر مہیاکرنے کاوعدہ اورلوگوں کو سستاو فوری انصاف دینے وتبدیلی کا نعرہ لے کر آنے والی حکومت نے حال ہی میں ایک بار پھر پیٹرولیم مصنوعات کے نرخ بڑھادئیے جس کے سبب عوام میں تشویش اور پریشانی کی لہردوڑ گئی جن کی جانب سے حکومت پر سخت تنقیدوں کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے،ادھر سوات کے عوام نے پیٹرولیم مصنوعات کے نرخوں میں اضافہ کو ظالمانہ اقدام قراردے دیااورکہاکہ انصاف کے نام پر قائم حکومت نے ناانصافی کا نہ ختم ہونے والا سلسلہ شروع کررکھا ہے جبکہ قوم کو وعدوں اور دعوؤں پر ورغلایا جارہاہے تاہم اگر ظلم کایہ سلسلہ بند نہ ہوا تو عوام حکومت کیخلاف سڑکوں کا رخ کرنے پر مجبورہوجائیں گے۔


پیٹرولیم مصنوعات کے نرخ بڑ ھ جانے کے بعد عوام کا ردعمل جاننے کی کوشش کی گئی تو یہاں کی سیاسی وسماجی شخصیات سمیت مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے دیگر افراد نے شدید غم وغصے کا اظہار کرتے ہوئے نرخوں میں اضافے کو ایک ظالمانہ اقدام قراردیااور حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ انصاف کے نام پر قائم حکومت نے عوام کے ساتھ ظلم وناانصافی کاایک نہ ختم ہونے والا سلسلہ شروع کردیاہے ،پیٹرولیم مصنوعات،ادویات ،بجلی اورگیس سمیت دیگر اشیائے ضروریہ کے نرخوں میں بے تحاشہ اضافے کی وجہ سے غریب عوا م کی قوت خرید جواب دے چکی ہے ، صبح لوگ بازار میں سوداسلف خریدنے جاتے ہیں تو بے قابو نرخوں کو دیکھ کرمایوس بلکہ پریشانی میں مبتلا ہوجاتے ہیں ،موجودہ حکومت نے عوام کو مہنگائی ،بے روزگاری اور مسائل و مشکلات کے سواکچھ نہیں دیا جبکہ دوسری طرف حکومتی اہلکار لمبے لمبے دعوے کرتے نہیں تھکتے ،حکمرانوں کی کارکردگی لمبی لمبی تقریروں،فوٹو سیشن اوروعدوں تک محدودہوکر رہ گئی ہے اس صورتحال کے باعث لوگوں نے موجودہ حکومت سے جتنی امیدیں وابستہ کی تھیں وہ ایک ایک کرکے دم توڑتی جارہی ہیں۔

(جاری ہے)

عوام کی مایوسی ،محرومی،مسائل اور مشکلات میں مسلسل اضافہ ہورہاہے مگر حکومت کو ان کے حال پر ترس نہیں آتا ،اشیائے ضروریہ کے نرخ بڑھ جانے سے مختلف مسائل جنم لے رہے ہیں ،پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے اب ٹرانسپورٹر اپنی مرضی کے مطابق کرایوں میں اضافہ کریں گے جس کا سارا بوجھ غریب عوام کے کاندھوں پر پڑے گا ، آدھی رات کو پیٹرولیم مصنوعات کے نرخوں میں اضافہ کیا گیا اورصبح اس پر عملدرآمد شروع ہوا یعنی پمپ مالکان نے پرانے سٹاک کو نئے نرخوں پر فروخت کرنا شروع کردیا۔

سوال یہ ہے کہ اگر کسی چیز کے نرخوں میں تھوڑی سی کمی ہوجائے تو کوئی بھی کاروباری شخص نئے نرخ نامے پر عملدرآمد نہیں کرتامگر اضافہ ہونے کے ساتھ ہی نئے نرخوں کے مطابق چیزیں فروخت کی جاتی ہیں ۔
 حکومت اپنے وعدوں سے مکر گئی ہے جس کے سبب عوام کا اس سے اعتماد اٹھنے لگا ہے ،ہر کوئی موجودہ حکومت سے نالاں اور بے زارنظر آرہاہے ،ایک طرف حکومت کی جانب سے نرخوں میں اضافہ کیا جارہاہے اوردوسری جانب کاروباری لوگ ہرچیزکے من پسنداور من مانے نرخ چلارہے ہیں ،ہر کاروباری شخص غریب عوام کو دونوں ہاتھوں سے لوٹنے میں مصروف عمل نظر آرہاہے جن کا ہاتھ روکنے والا کوئی نہیں ایسا لگتاہے جیسے ان کاروباریوں کو حکومت نے عوام کو لوٹنے کی کھلی اجازت دے رکھی ہوکیونکہ یہاں پر جس طرح بلاخوف وخطرعوام کو لوٹا جارہاہے وہ حکومت کی لاپراہی کا نتیجہ ہی ہوسکتا ہے ،اس سے بڑی تشویش کی بات یہ ہے کہ سوات کے لوگوں کو من مانے نرخوں پر غیر معیاری،مضرصحت اور ناقص اشیائے خوردونوش فراہم کی جارہی ہیں بلکہ ایسا کہاجاسکتاہے کہ انہیں غذا کے نام پر زہر دیا جارہاہے اوریہ سب کچھ کھلے عام ہورہاہے ، بازاروں میں کھلے آسمان تلے پڑی پکی پکائی اشیائے خوردونوش پر دن بھر دھول اور گردوغبار پڑرہاہے جس کے سبب یہ اشیاء زہر میں تبدیل ہوجاتی ہیں جس کا استعمال بیک وقت کئی امراض کا سبب بن جاتا ہے مگرپوچھنے اور روکنے ٹوکنے والا کوئی نہیں، پتہ نہیں کہ سوات کے عوام کو کس جرم کی سزادی جارہی ہے ،تاہم اب بھی وہ پرامید نظرو ں سے کسی مسیحا کی راہ تک رہے ہیں لہٰذا حکومت کو چاہیے کہ وہ سوات کے عوام کے زخموں پر مزید نمک پاشی کرنے کا سلسلہ بند کرکے ان کے زخموں پر مرہم رکھے ،انہیں اپنے وعدوں اور نعروں کے مطابق زندگی کی بنیادی سہولیات دہلیز پر فراہم کرنے سمیت مناسب نرخوں پر معیاری اشیائے ضروریہ کی فراہمی یقینی بنائے، انہیں تعلیم صحت اورگیس وبجلی کی تسلسل کے ساتھ فراہمی کیلئے اقدامات اٹھائے ،ان کیلئے سڑکیں اور گلی کوچے تعمیر کریں ،انہیں صاف ستھرا ماحول فراہم کریں ،اس شکل میں سوات کے عوام کے زخموں پر مرہم پٹی لگنے سے شائد ان کا موجودہ حکومت پرسے اٹھتا ہوا اعتماد بحال ہوجائے۔

 
© جملہ حقوق بحق ادارہ اُردو پوائنٹ محفوظ ہیں۔ © www.UrduPoint.com

تازہ ترین کالمز :

Your Thoughts and Comments

Urdu Column Petroleum Masnoat,zakhmo Par Namak Pakshi Column By Nasir Alam, the column was published on 03 August 2019. Nasir Alam has written 19 columns on Urdu Point. Read all columns written by Nasir Alam on the site, related to politics, social issues and international affairs with in depth analysis and research.