
نتیجہ وہی مگرشورنہیں
پیر 23 نومبر 2015

پروفیسر رفعت مظہر
(جاری ہے)
خاں صاحب کی ایک اور غلطی خیبرپختونخوا حکومت کاحصول تھا۔ اُنہوں نے حکمرانی کے شوق میں حکومت توبنالی مگر پھراُس کی طرف مطلق توجہ نہ دی ۔اگروہ خیبرپختونخوا کواپنے دعووں کے عین مطابق ”ماڈل صوبہ“ بنانے کی تگ ودَوکرتے توہوسکتاتھاکہ 2018ء کے انتخابات اُن کے خوابوں کی تعبیر میں ڈھل جاتے لیکن اُنہیں تو وزیرِاعظم بننے کی جلدی ہی بہت تھی اِس لیے اُنہوں نے احتجاجی سیاست اوردھرنوں کا راستہ اپنایاجس نے رہی سہی کسربھی نکال دی۔خاں صاحب کوتو یقین دلایا گیاتھا کہ اُدھر خاں صاحب ڈی چوک اسلام آبادپہنچے اوراِدھر امپائرکی انگلی کھڑی ہوئی لیکن وہ انتظار ہی کرتے رہے لیکن ”انگلی“ کھڑی نہ ہوسکی۔ بہترہوتا کہ خاں صاحب مولاناقادری کی طرح کوئی نہ کوئی بہانہ بناکر بستربوریا لپیٹ لیتے لیکن اُن کی ضد اورہَٹ دھرمی نے اُنہیں روکے رکھا۔ 126 روزہ دھرنے میں خاں صاحب کے حصّے میں کچھ بھی نہیںآ یا البتہ سیاسی طورپر اُنہیں بے تحاشہ نقصان ضرور پہنچا۔ یہی وجہ ہے کہ دھرنوں کے بعدجتنے بھی ضمنی الیکشن ہوئے کسی ایک میں بھی تحریکِ انصاف سُرخ رو نہ ہوسکی ،حتیٰ کہ اُن کی اپنی حکومت کے زیرِ انتظام ہری پورمیں ہونے والے ضمنی انتخاب میں اُن کے اُمیدوار کو 40 ہزارسے زائد ووٹوں سے شکست کاسامنا کرناپڑا حالانکہ عام انتخابات میں یہ فرق محض چھ ،سات سوووٹوں تک محدودتھا۔
ویسے توتحریکِ انصاف کے لیے لال حویلی والے شیخ رشیدہی کافی تھے لیکن ہوایہ کہ چودھری سروربھی گورنری ”تیاگ“ کرتحریکِ انصاف سے آن ملے اورستم بالائے ستم یہ کہ اُنہیں پنجاب کاچیف آرگنائزر بھی بنادیا گیاجس کاشاہ محمودقریشی نے بہت برامنایا اوروہ عملی طورپر ”نُکرے“ لگ گئے۔ نتیجہ سب کے سامنے کہ بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں تحریکِ انصاف کوہزیمت کاسامنا کرناپڑااوروہ تیسرے نمبرپر آئی البتہ چودھری سروربڑے فخرسے کہہ رہے تھے کہ اُنہوں نے جو اندازہ لگایاوہ بالکل درست نکلاکیونکہ اُنہوں نے توتحریکِ انصاف کے لیے دَس فیصد کااندازہ لگایاتھا جودرست نکلا ۔ 19 نومبرکو بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے پرنتیجہ پھروہی ۔اِس مرحلے پرخاں صاحب کواپنے آبائی حلقے عیسیٰ خیل میں بھی بدترین شکست کاسامنا کرناپڑااورتحریکِ انصاف 16 میں سے 15 نشستیں ہار گئی۔ اب چودھری سرورایک دفعہ پھرکہہ رہے ہیں” ضابطہٴ اخلاق کی دھجیاں اُڑائی گئیں ،اربوں روپے کے فنڈزسے نالیاں اور گلیاں بن رہی ہیں اورسوئی گیس کے پائپ بچھائے جارہے ہیں۔ عوام جانتے ہیں کہ بلدیاتی انتخابات سے حکومت تبدیل نہیں ہوتی اِس لیے بلدیاتی انتخابات حکومت کے ہوتے ہیں“۔ اِس کے باوجودبھی وہ خوش کہ تحریکِ انصاف نے پہلے مرحلے سے زیادہ ووٹ لیے ۔اگرچودھری صاحب کی اِس بات کوتسلیم کرلیا جائے کہ بلدیاتی انتخابات حکومت ہی کے ہوتے ہیں تو پھرسوائے حکمران جماعت کے کوئی بھی سیاسی جماعت بلدیاتی انتخابات میں حصّہ ہی نہ لے۔ ویسے اطلاعاََ عرض ہے کہ صوبہ سندھ میں پیپلز پارٹی بلاشرکتِ غیرے حکمران ہے لیکن پھربھی بدین (جوپیپلز پارٹی کاگڑھ سمجھا جاتاہے) میںآ صف زرداری صاحب کے سابق دوست اورموجودہ بدترین دشمن ذوالفقار مرزانے پیپلزپارٹی کاجنازہ نکال دیا اور حیدرآباد ایم کیوایم لے اُڑی ۔نوازلیگ کے کسی بھی نامی رہنماء نے سرے سے سندھ کارُخ ہی نہیں کیا لیکن پھربھی اُس کے حصّے میں100 سے زائد نشستیں آئیں جبکہ بلاول زرداری کے نئے ”چاچا“ عمران خاں سندھ میں جلسے کر کرکے تھک بلکہ ”ہَپھ“ گئے لیکن ملاکیا ؟صرف 8 نشستیں۔ تسلیم کہ حکمران جماعت کاتھوڑا بہت اثر ضرورہوتا ہے لیکن اتنابھی نہیں جتنا چودھری صاحب بتارہے ہیں۔اگر ایساہی ہوتا تو وفاقی وزیرسارہ افضل تارڑ کے والد افضل حسین کو شکست کاسامنا نہ کرناپڑتا ۔
دوسرے مرحلے کے انتخابات کی ہمارے نزدیک سب سے بڑی خوبی یہ کہ پہلے مرحلے کی طرح خونریزی دیکھنے میں نہیںآ ئی اوردوسری یہ کہ تحریکِ انصاف بھی ”ٹھنڈی ٹھار“ ہوکے بیٹھ رہی۔ حلقہ 122 کے ضمنی انتخاب میں تو چودھری سرورنے آسمان سرپہ اُٹھارکھا تھا کہ تحریکِ انصاف کے ووٹرزکو راتوں رات دوسرے حلقوں میں شفٹ کردیا گیالیکن ثبوت وہ کوئی ایک بھی پیش نہ کرسکے (اُنہوں نے اعلان کررکھا ہے کہ اگروہ ثبوت پیش نہ کرسکے توسیاست چھوڑ دیں گے۔ پرویز رشیدصاحب اسی کوبنیاد بناکر اُن سے ایفائے عہدکا تقاضہ کررہے ہیں)۔ اب دیکھیں بلدیاتی انتخابات میں چودھری صاحب شکست کاکیا بہانہ تراشتے ہیں۔
ادارہ اردوپوائنٹ کا کالم نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔
تازہ ترین کالمز :
پروفیسر رفعت مظہر کے کالمز
-
پنچھی پَر پھڑپھڑانے لگے
منگل 15 فروری 2022
-
جھوٹ کی آڑھت سجانے والے
منگل 8 فروری 2022
-
اُنہوں نے فرمایا ۔۔۔۔ ۔
پیر 31 جنوری 2022
-
صدارتی نظام کا ڈھنڈورا
پیر 24 جنوری 2022
-
کورونا کی تباہ کاریاں
منگل 4 جنوری 2022
-
جیسی کرنی، ویسی بھرنی
منگل 28 دسمبر 2021
-
قصّہٴ درد سناتے ہیں کہ مجبور ہیں ہم
منگل 21 دسمبر 2021
-
ہم جس میں بَس رہے ہیں
پیر 13 دسمبر 2021
پروفیسر رفعت مظہر کے مزید کالمز
کالم نگار
مزید عنوان
UrduPoint Network is the largest independent digital media house from Pakistan, catering the needs of its users since year 1997. We provide breaking news, Pakistani news, International news, Business news, Sports news, Urdu news and Live Urdu News
© 1997-2025, UrduPoint Network
All rights of the publication are reserved by UrduPoint.com. Reproduction without proper consent is not allowed.