نیا سال کب آئے گا؟

بدھ 6 جنوری 2021

Tanzila Abbasi

تنزیلہ عباسی

یقیناً آپ نے اس سال 2020 میں یہ سوال ہر موقع پر سنا ہوگا کہ کب آئے گا نیا سال ؟
ویسے تو ہر سال کے اختتام پر لوگ نئے سال کے اچھے ہونے کی دعائیں مانگتے ہیں مگر اس سال کے اختتام پر ہر کسی کے چہرے پر عجب ہی سکون تھا۔ 2020 کے آغاز کی بات کروں تو آسٹریلیا کے جنگلات میں اچانک بھڑکنے والی آگ یاد آتی ہے۔ ہر طرف اس آگ کا خوف و ہراس یاد آتا ہے۔ اپنا گھر جل جانے پر روتے ہوئے پریشان بھٹکتے نایاب جانور یاد آتے ہیں۔

آسٹریلیا کے جنگلات میں لگنے والی آگ آج تک کی سب سے بڑے رقبے پر لگنے والی آگ تھی جسے قابو کرنے میں مہینے لگ گئے۔
سال 2020 کسی طور ایک آزمائش سے کم نہ تھا ہر آنے والا وقت جیسے اپنے اندر نئی مشکلات کا احاطہ کیے ہوئے تھا۔ ایک طرف جہاں یہ آگ کسی ناسور کی طرح ایک ارب جانوروں، کئی گھروں، قیمتی جانوں کو نگل رہی تھی وہیں دوسری طرف کرونا کی وبا چائنہ سے شروع ہوکر ملک سے ملک پھیل رہی تھی۔

(جاری ہے)

ایک نہ نظر آنے والا وائرس جو انسان کے جسم میں داخل ہوکر اس پر ایسا وار کرتا ہے کہ انسان سانس لینے کی سعی کرتے کرتے دم توڑ دیتا ہے۔ سال 2019 سے اس وائرس کی شروعات ہوئی اور 2020 میں تقریباً آدھی دنیا کو گھروں تک محدود کرگیا، لاکھوں جانیں یہ منحوس وائرس نگل گیا۔
ہمارے قابل پروفیسر سینئر رپورٹر سر طارق محمود ملک اسپتال کے بستر پر 2 مہینے اس مرض سے لڑتے رہے اور جان کی بازی ہار گئے ۔

کبھی سوچا نہیں تھا کہ یہ ناسور وبا یوں ہمارے درمیان سے ایک عالم کو لے جاۓگی۔کتنے ہی اس سے متاثر ہوئے اور کتنے اس کی وجہ سے موت کی آغوش میں چلے گئے۔ غالب نے شاید اسی وقت کے لیے کہا تھا،
مقدور میں ہو تو خاک سے پوچھوں کہ اے لئیم
تو نے وہ گنج ہائے گراں مایہ کیا کیے
ان حالات میں باربار یہ سوال میرے دل میں آتا تھا کہ کب ختم ہوگا یہ سال؟ جہاں ایک طرف کرونا سب کو ایک دوسرے سے دور کر کے کپڑوں کے ساتھ ماسک کو بھی عام زندگی کا حصہ بنا چکا ہے وہیں بھڑتی مہنگائی نے غریب کو فاقوں پر مجبور کردیا۔

مشکل سے اس کرونا کا اثر سال کے آخر میں کم ہوتا دکھائی دیتا تھا مگر نئے سوپر کرونا وائرس نامی اپڈیٹڈ کرونا کے کیسیز مختلف ملکوں میں ظاہر ہونا شروع ہوگئے ہیں، جو کہ اب مسافروں کے زریعے ملک سے ملک پھیلا جارہا ہے۔ ان حالات پر یہ محاورہ بجا ہوگا:
یک نہ شد دو شد
سال 2020 ہمیں بہت کچھ سکھاتے ہوے، ہمیں ایک دوسرے کے ساتھ ہونے اہمیت سمجھاتے ہوے رخصت ہو ہی گیا۔ اللہ آنے والے سال کو ہمارے لیے مثبت، خوشیوں سے بھرا اور ملک پاکستان کی حفاظت فرمائے۔ آمین

ادارہ اردوپوائنٹ کا کالم نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔

تازہ ترین کالمز :