مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کا لشکر طیبہ کے ایک کمانڈر سمیت دو مجاہدین کو شہید کرنے کا دعویٰ

منگل 21 اگست 2007 11:43

سرینگر (ٍٍاردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین21 اگست 2007) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج اور مجاہدین کے درمیان جھڑپیں‘ دو مجاہد شہید جبکہ ایک بھارتی فوجی کیمپ میں اچانک گرنیڈ پھٹنے سے ایک بھارتی فوجی ہلاک اور ایک زخمی ہوگیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز مقبوضہ کشمیر کے علاقے شوپیاں میں لشکر طیبہ سے تعلق رکھنے والے مجاہدین نے بھارتی فوجی گشتی پارٹی پر گھات لگا کر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں تین بھارتی فوجی زخمی ہوگئے۔

(جاری ہے)

بعد ازاں بھارتی فوج نے پورے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور مجاہدین کی تلاش شروع کردی۔ مجاہدین نے ایک گھر میں پناہ لے لی سکیورٹی فورسز نے گھر کو گھیرے میں لے کر شدید گولہ باری شروع کردی علاقے میں مزید فوج طلب کرلی گئی کئی گھنٹوں تک جاری رہنے والی اس جھڑپ میں لشکر طیبہ کے ایک ضلعی کمانڈر سمیت دو مجاہد شہید ہوگئے ادھر بانڈی پورہ کے علاقے میں ایک فوجی کیمپ میں گرنیڈ دھماکے میں ایک جوان ہلاک اور ایک زخمی ہوگیا بھارتی فوج کے ترجمان کے مطابق سکیورٹی اہلکار اسلحہ اور گولہ بارود کی صفائی میں مصروف تھے کہ اچانک ایک گرنیڈ پھٹ گیا جس سے ایک اہلکار ہلاک اور ایک زخمی ہوگیا۔