کشمیری قوم نے بھٹو خاندان سے ہمیشہ وفا نبھائی ‘ 11 مئی کو مہاجرین مقیم پاکستان پی پی امیدواروں کو بھاری مینڈیٹ سے کامیابی دلوا کر تحریک آزادی کشمیر کی تکمیل کی راہ ہموار کرینگے‘ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج نہتے مسلمانوں پر ظلم و جبر کے پہاڑ توڑ رہی ہیں‘5سالوں میں پی پی پی حکومت کا مسئلہ کشمیر کواجاگر کرنے کیلئے کردار لائق تحسین ہے ‘صدر زرداری نے مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے جس طرح کاوشیں کیں اس پر پوری قوم انہیں خراج تحسین پیش کرتی ہے، آزاد کشمیر کے وزیر قانون اظہر حسین گیلانی کی مہاجرین کے وفود سے بات چیت

منگل 9 اپریل 2013 16:49

مظفرآباد ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔آئی این پی۔ 9اپریل 2013ء ) آزاد کشمیر کے وزیر قانون اظہر حسین گیلانی نے کہا ہے کہ کشمیری قوم نے بھٹو خاندان سے ہمیشہ وفا نبھائی ‘ انشاء اللہ 11 مئی کو مہاجرین مقیم پاکستان پی پی امیدواروں کو بھاری مینڈیٹ سے کامیابی دلوا کر تحریک آزادی کشمیر کی تکمیل کی راہ ہموار کرینگے۔ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج آئے روز نہتے مسلمانوں پر ظلم و جبر کے پہاڑ توڑ رہا ہے۔

پچھلے پانچ سالوں کے دوران وفاق میں پاکستان پیپلزپارٹی کی حکومت نے مسئلہ کشمیر کو جس طرح اجاگر کرنے میں کردار ادا کیااسے صدیوں تک بھلایا نہیں جاسکتا۔ صدر پاکستان آصف علی زرداری نے مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے جس طرح کاوشیں کیں پوری قوم آصف علی زرداری کی عوام دوست پالیسیوں پر انہیں خراج تحسین پیش کرتی ہے۔

(جاری ہے)

وہ منگل کو یہاں مہاجرین کے وفود سے گفتگو کر رہے تھے۔

اظہر گیلانی نے کہا کہ بھٹو خاندان کی کشمیریوں کیلئے لازوال قربانیاں ہیں‘ شہید جمہوریت ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو شہید نے مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے کلیدی کردار ادا کیا ‘ کشمیری بھٹو خاندان کے احسان مند ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ بھٹو شہید نے 1000سال تک کشمیر کی آزاد ی کیلئے جنگ لڑنے کے عزم کا اعلان کیا تھا اور یہی وجہ ہے کہ اس بار بھی وفا نبھاتے ہوئے مہاجرین پیپلزپارٹی کو کامیاب کروانے میں صف اول کا کردا ر ادا کرینگے۔انہوں نے مہاجرین وفود سے مزید کہا کہ انشاء اللہ وہ وقت دور نہیں جب مقبوضہ کشمیر سے بھارتی افواج کا مکمل انخلاء ہو جائیگا اور کشمیریوں کو ان کا پیدائشی حق ملے گا۔