جماعة الدعوة کی طرف سے جماعت اسلامی بنگلہ دیش کے رہنما عبدالقادر ملا کی پھانسی کے خلاف( کل) ملک بھر میں یوم احتجاج منایا جائیگا، لاہور ، ملتان، اسلام آباد، کراچی،حیدر آباداور پشاورسمیت پورے ملک میں احتجاجی مظاہرے ہوں گے اور غائبانہ نماز جنازہ ادا کی جائیگی،لاہور میں ناصر باغ میں ایک بڑے پروگرام کا انعقاد کیاجائیگاجس میں جماعةالدعوة سمیت دیگر مذہبی و سیاسی جماعتوں کے قائدین خطاب کرینگے

اتوار 15 دسمبر 2013 14:06

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔15دسمبر۔2013ء) جماعة الدعوة پاکستان کی طرف سے جماعت اسلامی بنگلہ دیش کے رہنما عبدالقادر ملا کی پھانسی کے خلاف (کل)سوموار کو ملک بھر میں یوم احتجاج منایا جائے گا۔ لاہور ، ملتان، اسلام آباد، کراچی،حیدر آباداور پشاورسمیت پورے ملک میں احتجاجی مظاہرے ہوں گے اور غائبانہ نماز جنازہ ادا کی جائے گی۔ صوبائی دارالحکومت لاہور میں ناصر باغ میں ایک بڑے پروگرام کا انعقاد کیاجائے گاجس میں جماعةالدعوة سمیت دیگر مذہبی و سیاسی جماعتوں کے قائدین خطاب کریں گے۔

امیر جماعةالدعوة حافظ محمد سعید کی جانب سے پورے ملک میں جماعةالدعوة کے ذمہ داران کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ اپنے شہروں وعلاقوں میں عبدالقادر ملا کی پھانسی کے خلاف احتجاجی مظاہروں کا انعقاد کریں تاکہ بھارتی اشاروں پر بنگلہ دیش میں ہونے والے اس ظلم کے خلاف آواز بلند کی جاسکے۔

(جاری ہے)

حافظ محمد سعید نے پاکستانی قوم سے اپیل کی ہے کہ وہ جماعت اسلامی بنگلہ دیش کے رہنما عبدالقادر ملا کی پھانسی کے خلاف ملک گیر سطح پر ہونے والے احتجاجی مظاہروں میں بھرپور انداز میں شریک ہوں ۔

حافظ محمد سعید نے کہاکہ پاکستان کے دولخت ہونے میں اس وقت کے سیاستدانوں اور حکمرانوں کی بڑی غلطیاں ہیں جنہوں نے قرآن کو اس ملک کا آئین اور اسلام کو ملک کا دین نہیں بنایا اور پھر غاصب بھار ت کی سازشیں کامیاب ہوئیں ۔آج بھی جو سیاستدان امریکہ کی خوشنودی کیلئے انڈیا سے دوستی کیلئے بھرپور کوششیں کر رہے ہیں وہ اپنی تاریخ سے ہی واقف نہیں ہیں اور یہ باتیں ان کے ذہنوں سے نکل چکی ہیں کہ پاکستان کس مقصد کیلئے اور کس قدر قربانیاں پیش کرنے کے بعد حاصل کیا گیا تھا۔

انہوں نے کہاکہ مشرقی پاکستان کی علیحدگی میں سب سے بڑا کرار بھارت کا تھا لیکن انتہائی افسوسناک امر ہے کہ آج ہمارے سیاستدان سب کچھ بھول کر محض امریکہ کی خوشنودی کیلئے لاکھوں مسلمانوں کے قاتل ہندو بنئے سے دوستیاں پروان چڑھانے کی کوششیں کر رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ پاکستان سے محبت کرنے والوں کو بھارتی اشاروں پر پھانسیاں دی جارہی ہیں۔ حکومت پاکستان کو چاہیے کہ وہ عبدالقادر ملا کی شہادت کے خلاف عالمی سطح پر مہم چلا کر بھارتی سازشوں کو بے نقاب کرے۔