جنرل راحیل شریف کا مسئلہ کشمیر پر دوٹوک مؤقف نے کشمیریوں کے دل جیت لیے ہیں ٗ ملک محمد یوسف ایڈووکیٹ

آخری دہشت گرد کے خاتمے کے عزم نے قوم کے اندر اک نیا جذبہ پیدا کر کے پاکستان کا مستقبل محفوظ بنا دیا ہے ٗ بیان

اتوار 7 جون 2015 16:32

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 07 جون۔2015ء) پاکستان مسلم لیگ(ن) آزادجموں وکشمیر کے مرکزی رہنما و امیدوار اسمبلی ملک محمد یوسف ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ جنرل راحیل شریف کا مسئلہ کشمیر پر دوٹوک مؤقف نے کشمیریوں کے دل جیت لیے ہیں، قائد پاکستان محمد نواز شریف اور مسلح افواج کے سپہ سالار جنرل راحیل شریف نے ضرب عضب، کراچی آپریشن کرکے دہشت گردوں کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے اور آخری دہشت گرد کے خاتمے کے عزم نے قوم کے اندر اک نیا جذبہ پیدا کر کے پاکستان کا مستقبل محفوظ بنا دیا ہے۔

ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ چین کی جانب سے پاکستان میں تاریخ کی سب سے بڑی سرمایہ کاری مسلم لیگ(ن) کی حکومت پر سرمایہ کاروں کے اعتماد کا مظہر ہے مرکزی حکومت تاریخی اور مثالی بجٹ پیش کرنے پر مبارک باد کی مستحق ہے۔

(جاری ہے)

2016کے الیکشن میں آزاد کشمیر سے پیپلز پارٹی کی گندی سیاست کا خاتمہ ہو جائیگا اور مسلم لیگ(ن) آزاد کشمیر میں راجہ محمدفاروق حیدر خان کی قیادت میں بھاری اکثریت حکومت بنا کر عوامی مسائل حل کرے گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے صحافیوں سے گفتگو کے دوران کیا۔انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں پیپلز پارٹی سے مفاہمت سیاسی خود کشی کے مترادف ہے اور آئندہ الیکشن میں مسلم کانفرنس کوٹکٹ ہولڈر کا ملنا تو دور کی بات عتیق خان کو تو آج بھی فوٹو کھینچوانے کیلئے بھی لوگ دستیاب نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سردار عتیق احمد خان کو نکیال یاترا سے کچھ بھی حاصل نہیں ہونے والا سالار جمہوریت ان کی چالاکیوں سے بخوبی واقف ہیں عتیق خان دوسروں پر تنقید کی بجائے اپنی نشست بچانے کی فکر کریں۔

ملک محمد یوسف ایڈووکیٹ نے مزید کہا کہ ضلع کوٹلی سکندر حیات خان اور راجہ محمد فاروق حیدر خان کے چاہنے والوں کا شہر ہے کوٹلی حلقہ کے عوام جعلی ایم ایل اے سے گذشتہ 30سال کا حساب لینے کیلئے بے تاب ہیں اور آمدہ الیکشن میں گذشتہ الیکشن کا قرض سود سمیت واپس لٹایا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے کارکنوں پر فخر ہے جنھوں نے اس مشکل صورت حال اور نامساعد حالات میں بھی جماعتی علم کو بلند کر رکھا ہے کوٹلی میں ہمارے کارکنوں پر جعلی مقدمات قائم کیے جار ہے ہیں اور تھانہ کوٹلی میں گذشتہ20/25سالوں سے برادری ازم کی بنیاد پر تعینات اہلکار ہیں جو حکومتی وزرا اور جعلی ایم ایل کے مذموم مقاصدکی تکمیل کرتے ہیں،نا اہل حکمرانوں کی شر سے کوئی محکمہ محفوظ نہیں بلدیہ کے ڈے اے، پی ڈبلیو ڈی، لوکل گونمنٹ اور دیگر اداروں میں لوٹ مار کا بازار گرم کر رکھا ہے کوٹلی کا تاریخی شہر کھنڈرات اور سڑکیں آثار قدیمہ کا منظر پیش کررہی ہیں۔

مسلم لیگ(ن) اقتدار میں آکر ان چور لٹیروں سے پائی پائی کا حساب لے گی اور عوام کے مسائل ان کی دہلیز پر حل کیے جائینگے۔