بھارت پاکستان کو کمزور نہ سمجھے،اب 65ء یا 71کا زمانہ نہیں، پاکستان جارحیت پر بھارت کو منہ توڑ جواب دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے،بھارت مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے پاکستان کے ساتھ مذاکرات بحال کرے

ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مولانا عبدالغفور حیدری کی صحافیوں سے گفتگو

پیر 31 اگست 2015 22:53

میرپور ماتھیلو (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 31 اگست۔2015ء) ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا ہے کہ بھارت کی جانب سے بار بار سرحدی خلاف ورزی ایک قابل مذمت عمل ہے، بھارت پاکستان کو کمزور نہ سمجھے، پاکستان 65ء یا 71ء والا پاکستان نہیں، پاکستان ایک ایٹمی طاقت ہے اور بھارت کو منہ توڑ جواب دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے، اگر بھارت نے پاکستان کی جانب میلی آنکھ سے دیکھا تو افواج پاکستان اور پاکستانی عوام بھارتی قیادت کومنہ توڑ جواب دیں گے۔

وہ پیر کو مدرسہ انوار العلوم میرپور ماتھیلو میں صحافیوں سے گفتگو کر رہے تھے۔ مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا کہ بھارت کو مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے تحت حل کرنے میں پاکستان کے ساتھ بات چیت کرنی چاہیے، اگر مسئلہ کشمیر حل ہو جائے تو خطہ میں امن ہو گا، پاکستان ایک پر امن ملک ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جے یو آئی بلدیاتی انتخابات میں بھرپور حصہ لے گی اور ہمارے ساتھ پی پی پی اور دیگر جماعتوں کا بھی رابطہ ہے، کسی بھی جماعت سے ہمارا بلدیاتی انتخابات کیلئے اتحاد ہو سکتا ہے، مقامی سطح پر مقامی قیادت کو بھی اس سلسلے میں رابطہ کر رہے ہیں کہ وہ کس طرح اپنی پسند کے امیدواروں کو منتخب کریں۔ انہوں نے کہا کہ مقامی سطح پر قیادت اپنے طور پر اتحاد بھی کر سکتی ہے۔