ستمبر1965ء میں قوم نے تمام صلاحیتیں بروئے کار لا کر اپنی سے کئی گنا بڑی طاقت کے جارحانہ عزائم کو ناکام بنایا ،سردار محمد یعقوب

بھارت نے نہتے ،بے سروسامان کشمیریوں پر ظلم و ستم کی انتہا کر دی ہے، جلد کشمیری آزادی کی منزل حاصل کر لینگے،وطن عزیز کے دفاع کیلئے جانیں قربان کرنیوالوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، صدر آزاد کشمیر مسلح افواج نے آزمائش کی ہر گھڑی میں ملک کی نظریاتی جغرافیائی سرحد کی حفاظت کی ،بیرونی سازشوں کو ناکام بنایا ،چودھری عبدالمجید تحریک آزادی کشمیر حکومت کی اولین ترجیح ہے، مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے عالمی سطح پر مثبت پیشرفت ہوئی ہے، بھارت جتنا بھی ظلم کر کے کشمیریوں کو پیدائشی حق لینے سے نہیں روک سکتا، ملک دفاع کیلئے ہر قربانی دینے کو تیار ہیں، وزیراعظم آزاد کشمیر وطن کے دفاع کیلئے1965ء کا جذبہ موجودہ نسل کیلئے قابل تقلید ہے،سردار عابد حسین عابد

ہفتہ 5 ستمبر 2015 18:10

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 05 ستمبر۔2015ء) صدر آزاد جموں وکشمیر سردار محمد یعقوب خان ، وزیراعظم چوہدری عبدالمجید اور وزیراطلاعات سردار عابد حسین عابد نے کہا ہے کہ 6 ستمبر کا دن ہمیں ہمارے اسلاف کے اس غیر متزلزل عزم کی یاد دلاتا ہے جس کا مظاہرہ انہوں نے بیرونی جارحیت کے خلاف مادر وطن کے دفاعی کے لیے کیا۔یہ دن افواج پاکستان کی ان لازوال قربانیوں کی بھی یاد دلاتا ہے جو انہوں نے وطن کے دفاع کی خاطر اپنی جانوں کے نذرانے پیش کر کے دیں۔

6 ستمبر 1965کی جنگ دراصل ایک چیلنج تھی۔ جس کو قوم نے قبول کیا اور اپنی صلاحیتوں کو بروئے لا کر ایک بڑی طاقت کے جارحانہ عزائم کو ناکام بنایا۔1965 کی پاک بھارت جنگ میں پاک افواج اور عوام نے دشمن کے عزائم کو خاک میں ملایا اور دنیا کو پیغام دیا کہ پاک وطن کا دفاع ناقابل تسخیر ہے ۔

(جاری ہے)

قوم نے جس بے مثال یکجہتی اور اتحاد کا مظاہرہ کیا ہے وہ ایک مثال ہے۔

ان خیالات کا اظہار صدر و وزیراعظم اور وزیر اطلاعات نے یوم دفاع پاکستان کی گولڈن جوبلی کے موقع پر آزادکشمیر کے تینوں ریڈیو اسٹیشنز سے نشر ہونے والے اپنے الگ الگ پیغامات میں کیا۔صدر آزاد جموں وکشمیرسردار محمد یعقوب خان نے کہا کہ 1965میں پاکستان کے عوام اور افواج پاکستان نے بیرونی جارحیت کے خلاف ایسی مزاحمت کی تھی جس کے نتیجے میں دشمن کو ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا اور اس لحاظ سے یہ دن ہماری قوم کے اتحاد کا نشان بن چکا ہے ۔

ستمبر1965کی جنگ دراصل ایک چیلنج تھی جس کو قوم نے قبول کیا اور اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لا کر اپنے سے کئی گنا بڑی طاقت کے جارحانہ عزائم کو ناکام بنایا۔ صدرریاست نے کہا کہ یوم دفاع پاکستان ہماری تاریخ کا ایک یاد گار دن ہے آج سے 50سال قبل اس روز ہم نے ایسی ملی وحدت، یکجہتی اور حب الوطنی کا ایسا شاندار مظاہرہ کیا کہ ہماری آنے والی نسلیں بھی بجا طور پر اس پر فخر کرسکیں گی ۔

6؍ ستمبر1965اور اس کے بعد آنے والے چند دنوں میں پاکستان کی مسلح افواج نے اپنے سے کئی گنا بڑے حملہ آور کا غرور خاک میں ملا دیا اور اسکے نا پاک عزائم پاش پاش کردیئے ۔ انہوں نے کہا کہ ستمبر 1965کے واقعات ہمارے لیے قابل فخر ہی نہیں ایمان افروز اور سبق اموز بھی ہیں ۔ ہماری مسلح افواج نے شجاعت قربانی اور ایثار کے ساتھ ساتھ اعلیٰ جنگی مہارت ،حکمت عملی اور نظم و ضبط کے ایسے مظاہرے پیش کیے جن کی مثالیں دنیا کی تاریخ میں کم نظر آتی ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ دفاع وطن کی اس جنگ میں ہماری مسلح افواج کو عوام کی بھر پور حمایت بھی حاصل تھی۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں کشمیری عوام اپنے حق کے لیے لازوال قربانیاں پیش کی ہیں۔ بھارت نے نہتے اور بے سروسامان کشمیریوں پر ظلم و ستم کی انتہا کر دی ہے ۔ لیکن کشمیری عوام ان مظالم کا بڑی پامردگی سے مقابلہ کر رہے ہیں ۔ان کے حوصلے بلند ہیں انشااﷲ وہ دن دور نہیں جب وہ اپنی آزادی کی منزل حاصل کر کے رہیں گے ۔

صدر نے کہا کہ بھارت اور پاکستان کے درمیان مسئلہ کشمیر مذاکرات کا عمل اسوقت تک کامیاب نہیں ہو گا جب تک کشمیریوں پر بھارت افواج کا ظلم و ستم بند نہیں ہوتا انہوں نے کہ بھارت مسئلہ کشمیر الجھانے کے بجائے ایسے حالات پیدا کرئے تا کہ کشمیری عوام سکھ کا سانس لیں اور مسئلہ کشمیر پر مثبت پیش رفت ممکن ہو سکے ۔ صدر نے کہا کہ یوم دفاع پاکستان کے موقع پر ہم اپنے ان عظیم شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں ۔

جنہوں نے وطن عزیز کے دفاع کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا اور اس عہد کی تجدید بھی کرتے ہیں کہ ان کے نقش قدم پر چلتے ہوئے ہم بھی نہ صرف وطن عزیز کیلئے قربانیاں پیش کرتے رہیں گے بلکہ ان کی روشن مثال ہمارے لیے ہمیشہ مشعل راہ ثابت ہوگی۔ وزیراعظم آزاد کشمیرچوہدری عبدالمجید نے یوم دفاع کے موقع پر اپنے الگ پیغام میں کہا کہ یوم دفاع پاکستان کے موقع پر ہم اپنی بہادر افواج کے بے مثال کارناموں پر نہ صرف فخر کرتے ہیں بلکہ دفاع پاکستان کیلئے جانوں کے نذرانے پیش کرنے والے سرفروشوں کی عظمت کی پوری قوم زبردست خراج عقیدت اور سلام بھی پیش کرتی ہے ۔

مسلح افواج ہر آزمائش کی گھڑی میں اپنے ملک کی نظریاتی جغرافیائی سرحد کی حفاظت کی بیرونی سازشوں کو ناکام بنایا ۔ یہ بات ہمارے لیے قابل فخر ہے کہ ہماری مسلح افواج اپنے وطن کے دفاع کیلئے بے مثال قربانیاں دے رہی ہے اور وہ کسی بھی جارحیت کا مقابلہ کرنے کی بھر پور صلاحیت رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک آزادی کشمیر موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے بین الاقوامی سطح پر مثبت پیش رفت ہوئی ۔

بھارت مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کر رہا وہ نہتے اور بے سروسامان کشمیریوں کا قتل عام جاری رکھے ہوئے ہے۔ بھارت کو یاد رکھنا ہو گا کہ کشمیری حق خودارادیت کے حصول کے لیے جدوجہد جاری رکھیں گے ۔ بھارت جتنا بھی ظلم روا رکھے وہ کشمیریوں کو انکا پیدائشی حق لینے سے نہیں روک سکتا۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں جذبہ جہاد سے سرشار کشمیری حریت پسند پوری قوت سے بھارتی افواج سے بر سر پیکار ہیں ۔

ریاست کے طول و عرض میں آج پھر بھارتی افواج کشمیریوں پر ظلم و ستم ڈھا رہی ہے اس کے باوجود وہ کشمیریوں کے حوصلے پست نہیں کر سکی اس وقت حریت قیادت نظر بند ہے ۔ خواتین کی عصمت دری ، بچوں کا قتل عام ، ٹارچر سیل ، پوری کی پوری بستیوں کو نذر آتش کرنا اور اسی طرح کے کئی اور گھٹیا حربے درحقیت بھارتی افواج کی روز افزوں کمزوری کی دلیل ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی حکمران صاف دیکھ رہے ہیں کہ ریاست جموں و کشمیر کے مسلمان کسی بھی صورت میں بھارت کے ساتھ رہنے پر تیار نہیں اور پاکستان ہی ان کی منزل مقصود ہے ۔

وہ مملکت پاکستان کیلئے ہر قربانی دینے کیلئے متحد ہیں ۔ بھارت چاہے جتنا بھی ظلم کرے کشمیری اپنی منزل حاصل کر کے رہیں گے وہ مقبوضہ کشمیر کی آزادی تک اپنی جد و جہد جاری رکھیں گے ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ کشمیری عوام اپنی منزل کے قریب پہنچ چکے ہیں۔ اپنی ملی تاریخ کے اس انتہائی نازک موڑ پر اگر ہم نے اتحاد اور یکجہتی کا ثبوت دیا تو دنیا کی کوئی طاقت ریاست جموں و کشمیر کو مملکت خداداد پاکستان کا حصہ بننے سے نہیں روک سکتی ۔

میری دعا ہے کہ اﷲ تعالیٰ وہ وقت جلد لائے جب بھارتی مقبوضہ حصے کے مسلمان آزادی کی نعمت سے سرفراز ہوں اور پوری ریاست پاکستان کا حصہ بنے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی آزادکشمیر کی حکومت ملکی تعمیر و ترقی کے ساتھ ساتھ ملکی دفاع کے لیے ہر طرح کی قربانی دینے کو تیار ہے اوراس ملک کے لیے ہمار اتن من دھن ہر چیز حاضر ہے۔ آزادکشمیر کے وزیر اطلاعات سردار عابد حسین عابدنے یوم دفاع کے موقع پر اپنے الگ پیغام میں کہا کہ ملک ہے تو ہم ہیں سب سے پہلے ہم نے اپنے ملک کی حفاظت کر نی ہے اور جس طرح1965 کی جنگ میں پاک افواج نے پاکستانی عوام کے ساتھ مل کر وطن کا دفاع کیا وہ لائق تحسین ہے اور موجودہ نسل کے لیے قابل تقلید مثال ہے۔

وزیراطلاعات نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے ملک میں ایٹمی بم پروگرام کی بنیاد رکھ کر ملکی دفاع ناقابل تسخیر بنایا اور شہید ذوالفقار علی بھٹوکے بعد شہید محترمہ بے نظیر بھٹو نے ملک کو میزائل پروگرام دے کر ملکی دفاع کو مزید مضبوط کیا۔ سردار عابد حسین عابدنے کہا کہ خارجی محاذ پر کھلے دشمن سے جنگ ہو یا اندرونی طور پر چھپے دہشت گرد کے خلاف پیپلزپارٹی نے ہمیشہ سینہ تان کر دشمن کا مقابلہ کیا اور ملکی دفاع او سلامتی پر کبھی سمجھوتہ نہیں کیا ۔