مقبوضہ کشمیر میں لشکر طیبہ کے ٹاپ کمانڈر ابو قاسم کو شہید کر دیا ہے ٗ بھارتی فوج کا دعویٰ

28سالہ ابو قاسم کا تعلق پاکستان کے علاقے بہاولپور سے بتایا جاتا ہے ٗبھارتی فورسز کا الزام

جمعرات 29 اکتوبر 2015 19:24

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 29 اکتوبر۔2015ء) بھارتی فوج نے لشکر طیبہ کو اہم نقصان پہنچانے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہاہے کہ فوج نے مقبوضہ کشمیر میں لشکر طیبہ کے ٹاپ کمانڈر ابو قاسم کو شہید کر دیا ہے جو اودھم پور میں رواں سال ہونے والے حملے سمیت دیگر واقعات میں ملوث تھے ۔انہیں بھارتی فوج نے ضلع کولگام کے ایک دیہات میں مبینہ مقابلے میں شہید کر نے کادعویٰ کیا ہے 28سالہ ابو قاسم کا تعلق پاکستان کے علاقے بہاولپور سے بتایا جاتا ہے ۔

(جاری ہے)

بھارتی فوج کے دعویٰ کے مطابق ابو قاسم کی موجودگی کی اطلاع پر فوج ٗ پولیس اور پیرا ملٹری فورسز کے دستوں نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور فائرنگ شروع کر دی ۔ابو قاسم اس سے قبل مختلف مقابلوں میں فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا تھا ۔جموں وکشمیر پولیس کے ڈائریکٹر راجندرا نے کہاکہ یہ ہماری ایک اہم کامیابی ہے کیونکہ ابو قاسم شمالی کشمیر میں دہشت کی علامت بن چکا تھا اور اس کی گرفتاری کیلئے بیس لاکھ روپے انعام بھی مقرر کیا گیا تھا ۔