مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی گاڑی الٹنے سے 4اہلکار ہلاک ، 9 زخمی

حادثہ ضلع سامبا میں جموں پٹھانکوٹ ہائی وے پرپیش آیا ،زخمی اہلکار ملٹری ہسپتال منتقل ، بعض کی حالت تشویشناک

جمعرات 9 جون 2016 18:00

جموں/نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔09 جون ۔2016ء) مقبوضہ کشمیر بھارتی فوج کی گاڑی الٹنے سے 4اہلکار ہلاک اور 9دیگر زخمی ہوگئے ۔بھارتی میڈیاکے مطابق حادثہ جموں سے 53کلومیٹر جنوب میں پیش آیا جہاں بھارتی فوج کی ایک گاڑی بے قابو ہوکر الٹ گئی جس کے نتیجے میں 4اہلکار ہلاک اور 9زخمی ہوگئے ۔

(جاری ہے)

ایک پولیس اہلکار نے بتایا ہے کہ فوجی گاڑی ضلع سامبا میں جموں پٹھانکوٹ ہائی وے پر حادثے کا شکار ہوئی ۔

زخمی اہلکاروں کو فوری طور پر ملٹری ہسپتال منتقل کردیا گیا جہاں بعض اہلکاروں کی حالت ناز ک بتائی جاتی ہے ۔واضح رہے کہ بھارت کے زیرانتظام کشمیر سب سے بڑا فوجی خطہ تصور کیا جاتا ہے ۔سرکاری طور پر بھارت مقبوضہ کشمیر میں تعینات اپنے فوجیوں کی اصل تعداد ظاہر نہیں کرتا تاہم حقوق انسانی کی تنظیموں کا کہنا ہے کہ کشمیر میں بھارت کے سات لاکھ فوجی موجود ہیں۔