حریت کانفرنس کا اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب سے قبل کشمیر ی قیادت سے مسئلہ کشمیر پر مشاورت کا بھرپور خیر مقدم

مسئلہ کشمیر، مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور بھارتی فوج کے وحشیانہ مظالم کو پوری قوت کے ساتھ دنیا کے سامنے پیش کرینگے ٗ بیان

جمعہ 16 ستمبر 2016 19:53

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔16ستمبر ۔2016ء) کل جماعتی حریت کانفرنس آزا دکشمیر شاخ نے وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف کی طرف سے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب سے قبل کشمیر ی قیادت سے مسئلہ کشمیر پر مشاورت کا بھرپور خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیر اعظم پاکستان نے یقین دھانی کرائی ہے کہ وہ جنرل اسمبلی کے اجلاس کے دوران مسئلہ کشمیر، مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور بھارتی فوج کے وحشیانہ مظالم کو پوری قوت کے ساتھ دنیا کے سامنے پیش کریں گے۔

پاکستان کشمیریوں کی سیاسی ،سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔ ان خیالات کا اظہار کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے سینئر راہنما غلام محمد صفی، میر طاہر مسعوداور جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ کے رفیق ڈار نے مرکزی ایوان صحافت میں پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران کیا۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم پاکستان سے ملاقات کے دوران انھیں تجویز دی گئی ہے کہ وہ جنرل اسمبلی سے خطاب کے دوران مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے آزاد و مقبوضہ کشمیر سے افواج کے انخلاء کا مطالبہ کریں تاکہ ہندوستان کے پاس مسئلہ کشمیر سے فرار کا کوئی راستہ نہ بچے۔

اور وہ اقوام متحدہ سمیت کسی عالمی ادارے کو کشمیر میں آنے سے نہ روک سکے۔ دوسری تجویز یہ تھی کہ اگر آزاد کشمیر کی منتخب حکومت کو مسئلہ کشمیر کے حوالے سے بین الاقوامی سطح پر کام کا موقع ملے تو اس سے عالمی برادری کو اچھا اور مثبت پیغام جائے گا۔ اور دنیا ہماری بات سنے گی۔ اور کشمیریوں کی بات کو زیادہ اہمیت دے گی۔ ان نے کہا کہ وزیر اعظم کو یہ بھی تجویز دی گئی ہے کہ وہ جنرل اسمبلی سے مطالبہ کریں کہ کشمیر کے دونوں حصوں میں اقوام متحدہ کے خصوصی مشن تعینات کئے جائیں جو اقوام متحدہ کے صدر دفتر کو تمام تر حالات سے براہ راست مطلع کرتے رہیں۔

حکومت پاکستان کی طرف سے مسئلہ کشمیر اور مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورت حال سے دنیا کو آگاہ کرنے کے لئے جو پارلیمانی وفود تشکیل دئے گئے ہیں ان میں تمام جماعتوں خاص کر کشمیری قیادت کو شامل کیا جائے تاکہ کشمیر پر بہتر اندازمیں بات کی جا سکے۔ اور دنیا کو اصل حقائق سے آگاہ کیا جا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم پاکستان کو مقبوضہ کشمیر میں جاری عوامی تحریک کے دو ماہ کے حالات سے مکمل آگاہی دی گئی ہے۔ اور بھارتی مظالم اور فورسز کے ظالمانہ ہتھکنڈوں پر مکمل بریفنگ دی گئی ہے۔