مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے وحشیانہ مظالم جاری ، پیلٹ گن کے چھرے سرپرلگنے نویں جماعت کا طالب علم شہید ، شہدا ء کی مجوعی تعداد 104 ہوگئی

سید علی گیلانی کا مقبوضہ کشمیر میں عالمی مشن بھجوانے پر انسانی حقوق کیلئے اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر کے اقدامات کا خیرمقدم

ہفتہ 17 ستمبر 2016 17:58

سری نگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔17ستمبر ۔2016ء ) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے وحشیانہ مظالم جاری ، پیلٹ گن کے چھرے سرپرلگنے نویں جماعت کا طالب علم شہید ہوگیا، جس کے بعد شہدا ء کی تعداد 104 ہوگئی۔ تفصیلات کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں 71 ویں روز بھی صورتحال معمول پر نہ آ سکی ہفتہ کوبھارتی فوج کے مظالم کے خلاف حریت رہنماوں کی اپیل پر مقبوضہ وادی میں مکمل ہڑتال تھی جس پر احتجاج اور آزادی مارچ سے خوفزدہ کٹھ پتلی انتظامیہ نے وادی کے10 اضلاع میں کرفیو نافذ کردیا ،سری نگر میں بھارتی فورسز کے مظالم میں سر پر چھرے لگنے سے ایک اور کشمیری نوجوان شہید ہوگیا، حریت رہنماوں کی اپیل پربڈگام،کلگام اور کپواڑہ تک آزادی مارچ کیا جائے گا،حریت کانفرنس کی جانب سے وادی میں ہڑتال اور احتجاجی مظاہرے 22 ستمبر تک بڑھا دیے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

ادھرکل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی شہریوں کے خلاف انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی تحقیقات کیلئے وادی میں ایک عالمی مشن بھجوانے پر انسانی حقوق کیلئے اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر کے اقدامات کا خیرمقدم کیا ہے۔سید علی گیلانی نے سرینگر میں ایک بیان میں کہا کہ حالیہ احتجاجی لہر نے نہ صرف بھارت اور مقبوضہ کشمیر میں اسکے آلہ کاروں کو بوکھلاہٹ کا شکار کیا ہے بلکہ یہ دنیا کو بھی حق خودارادیت کے حصول کیلئے کشمیری عوام کی قربانیوں سے متعلق باور کرایا ہے۔انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کی مشکلات ختم ہونی چاہئیں اور انہیں اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق خودارادیت کا حق استعمال کرنے دیا جائے۔