وزیراعظم پاکستان کی طرف سے دنیا کے اہم دارلحکومتوں میں بھیجے گئے خصوصی ایلچیوں نے مسئلہ کشمیر کے حوالے سے بہترین کام کیا ‘نوجوان سوشل میڈیا کے زریعے بھارتی مظالم بے نقاب کرنے میں اپنے حصے کا کردار کریں ‘تحریکِ آزاد ی دنیا میں آزادی کی مظلوم ترین تحریک ہے منطقی انجام تک ضرور پہنچے گی

مسلم لیگ(ن ) ضلع پونچھ کے صدر اعجازیوسف ایڈووکیٹ کا کارکنوں کے اجلاس سے خطاب

اتوار 20 نومبر 2016 15:40

راولاکوٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 20 نومبر2016ء) وزیراعظم پاکستان کی طرف سے دنیا کے اہم دارلحکومتوں میں بھیجے گئے خصوصی ایلچیوں نے مسئلہ کشمیر کے حوالے سے بہترین کام کیا نوجوان سوشل میڈیا کے زریعے بھارتی مظالم بے نقاب کرنے میں اپنے حصے کا کردار کریں تحریکِ آزاد ی دنیا میں آزادی کی مظلوم ترین تحریک ہے منطقی انجام تک ضرور پہنچے گی بھارت کی قابض افواج نے مقبوضہ کشمیر میں بڑے پیمانے پر نوجوان لڑکوں لڑکیوں اور بچیوں کو بصارت سے محروم کر دیا ہے جتنے نوجوانوں کی پیلٹ گن کے چھروں سے آنکھیں متاثر ہوئی ہیں وہ انڈیا کی نام نہاد جمہوریت کے منہ پرطمانچہ ہیں ۔

ان خیالات کا اظہار پاکستان مسلم لیگ(ن ) ضلع پونچھ کے صدر اعجازیوسف ایڈووکیٹ نے ضلعی سیکرٹریٹ راولاکوٹ میں کارکنان کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

اعجازیوسف کا کہنا تھا کہ ہمیں بین الاقوامی سطح پر Mass blinding compaign ماس بلائنڈنگ کیمپین شروع کرنی ہو گی یہ بھارت کا ایک سنگین جرم ہے جس پر اسے بین الاقوامی برادری کے سامنے جوابدہ ہونا پڑے گا ۔

آزاد کشمیر اور پاکستان کا میڈیا اس مہم کے سلسلے میں بھر پور تعاون کرے ۔الیکٹرانک میڈیا ڈاکومنٹریز تیار کروائے اور سوشل میڈیا پر ان مظلوم نوجوانوں کی تصاویر انٹر ویو اور عوام کے تاثرات شئیر کئے جائیں تواس مہم کو زیادہ موثر بنایا جا سکتا ہے ۔اعجازیوسف کا کہنا تھا کہ گزشتہ ساڑھے تین ماہ کے دوران تقریباً 20 ہزار افراد زخمی ہوئے ایک ہزار نوجوانوں کی آنکھیں کلی یا جزوی طور پر بینائی سے محروم ہوئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کالے قوانین کی آڑ میں قابض افواج کشمیریوں کی نئی نسل کو عمر بھر کیلئے اپاہج بنا رہی ہیں بین الاقوامی برادری اور انسانی حقوق کے علمبردار وں نے نوٹس نہ لیا تو سنگین نتائج برآمد ہوں گے انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کے نوجوانوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے مظلوم بھائیوں کا ہر ممکن طریقے سے ساتھ دیں ۔