ای سی اوکانفرنس میں وزیر اعظم نواز شریف کا مسئلہ کشمیر کے حل کو دنیا کے امن سے مشروط کرنا خوش آئند ہے‘عبدالرشید ترابی

ہندوستان دھمکیاں دے رہا تھا کہ پاکستان کو عالمی سطح پر تنہا کیا جائے گا، اس کامیاب کانفرنس نے ہندوستان کے عزائم ناکام بنا دئیے

جمعرات 2 مارچ 2017 20:37

ای سی اوکانفرنس میں وزیر اعظم نواز شریف کا مسئلہ کشمیر کے حل کو دنیا ..
باغ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 مارچ2017ء) جماعت اسلامی آزاد جموںو کشمیر کے امیر و ممبر قانون ساز اسمبلی عبدالرشید ترابی نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں کامیاب اقتصادی تعاون کانفرنس میں وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف کا مسئلہ کشمیر کے حل کو دنیا کے امن سے مشروط کرنا خوش آئند ہے، ہندوستان دھمکیاں دے رہا تھا کہ پاکستان کو عالمی سطح پر تنہا کیا جائے گا، اس کامیاب کانفرنس نے ہندوستان کے عزائم ناکام بنا دئیے ہیں۔

جماعت اسلامی فرسودہ نظام کے خاتمے اور اس کی جگہ عدل و انصاف پر مبنی نظام کے قیام کے لیے جدوجہد کر رہی ہے، حالیہ دورہ عرب امارات کے دوران سینکڑوں اعلیٰ تعلیم یافتہ کشمیری نوجوانوں سے ملاقات ہوئی جو سیکورٹی گارڈ کی ڈیوٹی انجام دے رہے ہیں ، جو ہمارے لیے لمحہ فکریہ ہے، بے روزگاری کے خاتمے اور پڑھے لکھے نوجوانوں کے لیے با عزت روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے لیے حکومت کو تجاویز دی ہیں امید ہے ان کو زیر غور لایا جائے گا۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کی کوشش کر رہی ہے کہ جن مقاصد کے لیے یہ خطہ آزادکروایا گیا تھا وہ پورے ہوں اور بقیہ کشمیر بھی آزاد ہو کر ملت پاکستان کا حصہ بنے۔ انہوں نے کہا کہ نریندر مودی کی افواج مقبوضہ کشمیر میںمظالم کی انتہا کر رہی ہیں، تعلیمی اداروں اور دینی درسگاہوں کے خلاف بڑے پیمانے پر ایک اور آپریشن کی تیاری کی جا رہی ہے ، ان حالات میں ضرورت اس امر کی ہے کہ حکومت پاکستان عالمی سطح پر بھرپور اور جارحانہ سفارتی مہم منظم کرے ۔

اقتصادی تعاون کانفرنس کے موقع پر بھی ہوم ورک کے ساتھ مسئلہ کشمیر کو ڈیکلریشن کا حصہ بنانا چاہیے تھا ، تا کہ اس مسئلے کی نزاکت اجاگر ہوتی۔ اس طرح کی کانفرنسز سے استفادہ کرتے ہوئے مسئلہ کشمیر اجاگر کرنے کی حکمت عملی ہونی چاہیے تاکہ امکانات سے فائدہ اٹھایا جا سکے۔ انہوںنے کہا کہ اقتصادی تعاون کانفرنس کے انعقاد نے یہ ثابت کر دیا ہے کہ پاکستان ایک اہم ایٹمی ملک ہے اسے کوئی نظر انداز نہیں کر سکتا۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی اصلاح احوال کے لیے اپنی کاوشیں جاری رکھے ہوئے ہے جماعت اسلامی کے کارکن ہر سطح پر اپنے کام کو منظم کریں موثر لوگوں کو اپنی جماعت میں شامل کریں ، وارڈ کی سطح پر موثر اور مضبوط تنظیم قائم کی جائے، کشمیر کی آزادی اور نظام کی تبدیلی تک ہم اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔