بھارت کشمیریوں کے جذبہ حریت پسندی سے خائف ہے، میر واعظ عمر فاروق

پوری ریاست کو فوج اور پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے،ہمارے مذہبی، انسانی اور سیاسی حقوق طاقت کے بل بوتے پر سلب کر لئے ہیں، بار بار مقبوضہ کشمیر میں کرفیو نافذ کیا جاتا ہے اور عوام کے حقوق پر قدغنیں لگائی جاتی ہیں،یہ ہفتہ کشمیر کے اندر ہی نہیں دنیا بھر میں موجود کشمیری منائیں گے اور بھارت کے مظالم کے خلاف اپنا احتجاج ریکارڈ کروائیں گے حریت رہنماکا برہان وانی کے یوم شہادت پر خصوصی پیغام

ہفتہ 8 جولائی 2017 21:43

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 08 جولائی2017ء) حریت رہنما میر واعظ عمر فاروق نے کہا ہے کہ بھارت کشمیریوں کے جذبہ حریت پسندی سے خائف ہے، پوری ریاست کو فوج اور پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ہفتہ کو برہان وانی کے یوم شہادت پر حریت رہنما میر واعظ عمر فاروق نے اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ بھارت کشمیریوں کے جذبہ حریت پسندی سے خائف ہے، پوری ریاست کو فوج اور پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے میر واعظ عمر فاروق نے کہا کہ حکومت ہندوستان اور اس کے آلہ کار عوام کے جذبہ حریت سے خائف ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بھارت نے ہمارے مذہبی، انسانی اور سیاسی حقوق طاقت کے بل بوتے پر سلب کر لئے ہیں، بار بار مقبوضہ کشمیر میں کرفیو نافذ کیا جاتا ہے اور عوام کے حقوق پر قدغنیں لگائی جاتی ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ آج کے دن ہم نہ صرف برہان وانی کی شہادت کو یاد کر رہے ہیں بلکہ ہم ان تمام شہدا کی قربانیوں کو یاد کر رہے ہیں جو بھارت کے ظلم کا شکار ہوئے۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ یہ ہفتہ کشمیر کے اندر ہی نہیں دنیا بھر میں موجود کشمیری منائیں گے اور بھارت کے مظالم کے خلاف اپنا احتجاج ریکارڈ کروائیں گے۔