مسئلہ کشمیر پر آزاد کشمیر کی ساری سیاسی قیادت ایک نقطے پر متحد ومتفق ہے‘بھارتی وزیر اعظم کی برطانیہ آمد پر آزادکشمیر کی ساری سیاسی قیادت متحد ہو کر لندن میں احتجاج کر رہی ہے‘( آج) لندن میں آزا د کشمیر کی ساری سیاسی قیادت متحد ہو کر بھارتی وزیر اعظم کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کرے گی

ڈسٹرکٹ کوآڈنیٹر ٹووزیراعظم طاہر فاروق رئیسانی کی بات چیت

بدھ 18 اپریل 2018 17:21

ہٹیاں بالا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 18 اپریل2018ء) ڈسٹرکٹ کوآڈنیٹر ٹووزیراعظم طاہر فاروق رئیسانی نے کہا کہ مسئلہ کشمیر پر آزاد کشمیر کی ساری سیاسی قیادت ایک نقطے پر متحد ومتفق ہے۔بھارتی وزیر اعظم کی برطانیہ آمد پر آزادکشمیر کی ساری سیاسی قیادت متحد ہو کر لندن میں احتجاج کر رہی ہے۔ آج لندن میں آزا د کشمیر کی ساری سیاسی قیادت متحد ہو کر بھارتی وزیر اعظم کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کرے گی اس مظاہرے میں سکھ، دلت،عیسائی کمیونٹی بھی شرکت کرے گی۔

وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان۔ اپوزیشن لیڈر چوہدری محمد یاسین،جماعت اسلامی کے سابق امیر عبدالرشید ترابی، آزاد کشمیر کا پارلیمانی وفد،اوورسیئر کشمیری آج متحد و منظم ہو کر بھارتی وزیر اعظم کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کریں گے۔

(جاری ہے)

میڈیا سے گفتگو کے دوران ان کا کہنا تھا کہ پاکستان مسلم لیگ ن آزاد کشمیر کی حکومت نے تحریک آزادی کشمیر کو اولین ترجیحات میں شامل کر رکھا ہے۔

تحریک آزادی کشمیر کو قومی اور بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرنے کے لیے فاروق حیدر حکومت نے جاندار اقدامات اٹھائے ہیں۔ بھارت کی طرف سے شوپیاں میں حالیہ دھشت گردی کے خلاف پاکستان و آزاد کشمیر کی ساری سیاسی قیادت نے متحد ہو کر آواز بلند کی ہے۔ وزیر اعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی نے آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی اور آزادجموں و کشمیر کونسل کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کیا اور کشمیر کی جدوجہد آزادی کی مکمل حمایت کا اعلان کر کے اس پر مثبت پیغام دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ لندن مظاہرے کا مقصد عالمی برادری کو بھارت کے اصل چہرے سے آگاہ کرنا ہے۔ بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کا مرتکب ہو رہا ہے بھارتی فوج جنگی جرائم، میں ملوث ہے جس کی اقوام متحدہ کی سطح پر تحقیقات ناگزیر ہیں۔ بھارت نے کشمیر میں اپنے جنگی جرائم کو چھپانے کے لیے وادی کو سیل کر کے انسانی جیل میں تبدیل کر رکھا ہے۔ کشمیر میں بھارت جس انداز میں مظالم ڈھا رہا ہے دنیا میں اس کی مثال نہیں ملتی۔ لندن میں بھارت مخالف احتجاج سے کشمیریوں کی آواز پوری دنیا میں جائیگی۔ دولت مشترکہ کے اجلاس کے موقع پر بھارت کے خلاف احتجاج سے عالمی برادری کو کشمیر میں بھارت کے مظالم سے آگاہی ملے گی۔