اسلام آباد راولپنڈی سمیت ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں گرج چمک اور تیز ہوائوں کے ساتھ بارش کا امکان

بدھ 18 اپریل 2018 19:43

اسلام آباد ۔18 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اپریل2018ء) اسلام آباد اور راولپنڈی سمیت ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں آئندہ دو روز کے دوران چند مقامات پر گرج چمک اور تیز ہوائوں کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ اس دوران خیبرپختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈ نگ کا خدشہ اور نیم پہاڑی علاقوں میں چند مقامات پر ژالہ باری بھی ہو گی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق خیبرپختونخوا، فاٹا، اسلام آباد، بالائی پنجاب ،کشمیر اور گلگت بلتستان میں کہیں کہیں جبکہ شمالی بلوچستان، وسطی اور جنوبی پنجاب میں چند مقامات پر گرج چمک اور تیزہوائوں کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ (آج)جمعرات کو بالائی خیبرپختونخوا، (مالاکنڈ،ہزارہ، پشاور، مردان، کوہاٹ، بنوں ڈویژن)، فاٹا، اسلام آباد، بالائی پنجاب (راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور، سرگودھا، فیصل آباد ڈویژن)،گلگت بلتستان اورکشمیر میں کہیں کہیں جبکہ ڈی آئی خان، ڈی جی خان، ملتان، ساہیوال ژوب، قلات اور کوئٹہ ڈویژن میں چند مقامات پر تیزہواوٰں اور گرج چمک کیساتھ مزید بارش کا امکان ہے۔

(جاری ہے)

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ڈی جی خان،کوئٹہ ڈویژن،خیبرپختونخوا،فاٹا میں کہیں کہیں جبکہ سرگودھا ڈویژن،گلگت بلتستان اور کشمیر میں چند مقامات پر تیز ہوائوں اور گرج چمک کیساتھ بارش ہوئی۔سب سے زیادہ بارش خیبرپختونخوا میں مالم جبہ 41، کالام14، دیر11، پارہ چنار، میرکھانی 08،بالاکوٹ، پٹن 06، پشاور ائیرپورٹ، دروش 04، سیدو شریف، کوہاٹ 03، چترال02، پنجاب میں لیہ09، مری 01 کشمیر میں مظفرآباد 05، گڑھی دوپٹہ 01، بلوچستان میں کوئٹہ (سمنگلی 04، سٹی 02)،گلگت بلتستان میںاستور03 اور بگر وٹ کے مقام پر 01ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔ بدھ کو ملک میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت شہید بینظیرآباد میں 44، چھور، حیدرآباد 43 اور دادو 42 ڈگری سینٹی گریڈریکارڈ کیا گیا۔