خواجہ سعد رفیق کو بھی تاحیات نااہل اور کرپشن میں جیل کی سلاخوں کے پیچھے ہونا چاہیے،ڈاکٹر مراد راس

بدھ 18 اپریل 2018 20:47

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 اپریل2018ء) پاکستان تحریک انصاف وسطی پنجاب کے سیکرٹری اطلاعات اور رکن پنجاب اسمبلی ڈاکٹر مراد راس نے کہا ہے کہ عدالت کے سامنے جھوٹ بولنے پر خواجہ سعد رفیق کو بھی تاحیات نااہل اور کرپشن میں جیل کی سلاخوں کے پیچھے ہونا چاہیے ان خیالات کا اظہار انہوں نے وفاقی وزیر کی پیراگون سٹی سے تعلق کی دستاویزات منظر عام آنے پر ردِ عمل دیتے ہوئے کیا انہوں نے مزید کہا کہ عدالت ، پارلیمنٹ اور قو م سے جھوٹ بولنے پر ن لیگی حواریوں کو جیلوں میں بند کیا جائے، حکومتی درباریوں کے ہوش اڑے ہوئے ہیں، (ن) لیگ نے اخلاقیات کا جنازہ نکال دیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ کر پٹ اور چور حکمران اپنے انجا م کو پہنچنے کے قریب ہے۔ انہوں نے کہاکہ سپریم کورٹ کے فیصلے سے ملک میں آئین و قانون کی حکمرانی قائم ہوئی ہے، نواز شریف اور انکے حواریوں کی منافقت اور جھوٹی سیاست ہمیشہ کے لئے دفن ہو چکی ہے، نواز شریف کے درباریوں نے جھوٹ بول بو ل کر قوم کو گمراہ کر نے کی کوشش کی مگر اس کے باوجود جیت حق اور سچ کی ہوئی ہے۔