سرجیکل سٹرائیکس سے متعلق بھارتی وزیر اعظم مودی کے دعوے ڈھونگ،

اعلی بھارتی قیادت کی جانب سے دھمکیاں باعث تشویش ہیں ،عالمی برادری بھارت کے دھمکی آمیز بیانات کا نوٹس لیں، کلبھوش یادیو کیس میں بھارت نے عالمی عدالت میں جواب ا لجواب جمع کرایا ہے، ترجمان دفتر خارجہ

جمعرات 19 اپریل 2018 16:02

سرجیکل سٹرائیکس سے متعلق بھارتی وزیر اعظم مودی کے دعوے ڈھونگ،
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اپریل2018ء) پاکستان نے سرجیکل سٹرائیکس سے متعلق بھارتی وزیر اعظم مودی کے دعووں کو ڈھونگ قرار دیتے ہوئے سختی سے مسترد کیا ہے اور کہا ہے کہ اعلی بھارتی قیادت کی جانب سے دھمکیاں باعث تشویش ہیں ،عالمی برادری بھارت کے دھمکی آمیز بیانات کا نوٹس لیں،خارجہ پالیسی میں قومی مفاد ہماری اولین ترجیح ہے،دہشت گردی کیخلاف کامیاب آپریشنز سے سوات کی رونقیں بحال کر دی گئیں،افغانستان کیساتھ تمام معاملات بات چیت کے ذریعے حل کرنے پر یقین رکھتے ہیں،بھارتی جاسوس کمانڈر کلبھوش یادیو کیس میں بھارت نے عالمی عدالت میں جواب ا لجواب جمع کرایا ہے۔

جمعرات کو ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران صحافیوں کے مختلف سوالوں کا جواب دیتے ہوئے دفتر خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل نے سرجیکل سٹرائیکس سے متعلق بھارتی وزیر اعظم کے دعووں کو ڈھونگ قرار دیتے ہوئے سختی سے مسترد کیا اور کہا کہ اعلی بھارتی قیادت کی جانب سے دھمکیاں باعث تشویش ہیں ،عالمی برادری کو بھارتی دھمکی آمیز بیانات کا نوٹس لینا چاہیئے۔

(جاری ہے)

ترجمان نے کہا کہ بار بار جھوٹ بولنے سے جھوٹ کو سچ ثابت نہیں کیا جا سکتا۔ترجمان نے کہا کہ بھارت خود پاکستان میں دہشت گردی کو سپانسر کر رہا ہے انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں آٹھ سالہ معصوم بچی کو ریپ اور بربریت کا نشانہ بنانے سے بھارت کا اصل چہرہ بے نقاب ہوگیا ہے۔ترجمان نے یک مئی سے امریکہ میں پاکستانی سفارتکاروں کی نقل و حرکت محدود کرنے سے متعلق ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ امریکہ نے اس اقدام سے آگاہ کیا ہے ۔

دونوں ملکوں کے مابین رابطے جاری ہیں۔ترجمان نے کہا کہ پاکستان نے انسانی سمگلنگ کی روک تھام میں مثبت پیشرفت کی ہے اور اس سلسلے میں امریکہ کیساتھ معلومات کا تبادلہ کر رہے ہیں۔توقع ہے کہ امریکہ پاکستانی اقدامات کو تسلیم کریگا۔خارجہ پالیسی سے متعلق ترجمان نے کہا کہ ہم امریکی مفادات کو دیکھتے ہیں اور نہ کسی دوسرے ملک کو بلکہ قومی مفاد ہماری خارجہ کی اولین ترجیح ہے۔

افغانستان کے حوالے سے ترجمان نے کہا کہ گزشتہ ہفتے کرم ایجنسی میں افغان بارڈر سیکورٹی فورسز اور قبائیلوں کی جانب سے فائرنگ کے نتیجے میں ایف سی کے 5جوان شہید ہوئے۔دونوں فورسز کے کمانڈرز کے درمیان فلیگ میٹنگ کے بعد شہید جوانوں کی میتیں اور مغوی ایک جوان کو پاکستانی حکام کے حوالے کر دیا گیا۔ترجمان نے کہاکہ پاکستان نے انتہائی صبرو تحمل کا مظاہرہ کیا۔

پاکستان افغانستان کیساتھ تمام معاملات بات چیت کے زریعے حل کرنے پر یقین رکھتا ہے۔شام کے حوالے سے ترجمان نے کہا کہ پاکستان کسی بھی ملک کے کیمیائی ہتھیاروں کیخلاف ہے۔پاکستان مشکل کی اس گھڑی میں اپنے شامی بھائیوں کیساتھ کھڑا ہے۔ترجمان نے کہا وزیر خارجہ خواجہ آصف شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کے وزراء خارجہ اجلاس میں شرکت کیلئے 23 اپریل کو چین کا دورہ کرینگے۔