صرف انہیں اخبارات کو سرکاری اشتہارات جاری کئے جاتے ہیں جو میڈیا لسٹ پر موجود ہیں اور باقاعدگی سے شائع ہوتے ہیں،وزیراطلاعات سندھ

ماضی میں جو شکایات تھیں ان کے سدباب کیلئے ویجیلنس کمیٹی قائم کردی جو سرکاری اشتہارات کی شفاف طریقے سے تقسیم کو یقینی بناتی ہے ،سید ناصر شاہ

جمعرات 19 اپریل 2018 23:22

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اپریل2018ء) سندھ کے وزیر اطلاعات سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ محکمہ صوبائی اطلاعات کی جانب سے صرف انہیں اخبارات کو سرکاری اشتہارات جاری کئے جاتے ہیں جو میڈیا لسٹ پر موجود ہیں اور باقاعدگی سے شائع ہوتے ہیں، ماضی میں اس حوالے جو شکایات تھیں ان کے سدباب کے لئے محکمہ اطلاعات میں ایک ویجیلنس کمیٹی قائم کردی گئی ہے جو سرکاری اشتہارات کی شفاف طریقے سے تقسیم کو یقینی بناتی ہے انہوں نے یہ بات جمعرات کو سندھ اسمبلی میں محکمہ اطلاعات سے متعلق وقفہ سوالات کے دوران ارکان کے مختلف تحریری اور ضمنی سوالوں کا جواب دیتے ہوئے کہی۔

انہوں نے کہا محکمہ اطلاعات سے جاری ہونے والے اشتہارات کو پارٹی یا کسی کی ذاتی تشہیر کے لئے استعمال نہیں کیا جاتا البتہ سندھ میں پیپلز پارٹی کی حکومت ہے اس لئے جب کوئی نیا منصوبہ شروع کیا جاتا ہے تو اس میں پیپلز پارٹی سے تعلق رکھنے والے وزیر کا خود بخود ذکر آجاتا ہے تاہم اعلیٰ عدالتوں نے سرکاری اشتہارات میں سیاسی شخصیات کی تصویریں نہ لگانے کی جو ہدایت کی ہے اس پر عمل کیا جارہا ہے اور عدالتی احکامات سے قبل بھی پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو اور وزیر اعلیٰ سندھ کی یہ ہدایت تھی کہ سرکاری اشتہارات میں پیپلز پارٹی سے تعلق رکھنے والی شخصیات کی زیادہ تشہیر نہ کی جائے۔

(جاری ہے)

پی ٹی ٓئی کی خاتون رکن ڈاکٹر سیما ضیا نے کہا کہ سرکاری اشتہارات میں پارٹی کے قائدین کی تصاویر لگائی جاتی ہیں جو نامناسب ہے ۔ مسلم لیگ فنکشنل کی نصرت سحر عباسی کا کہنا تھا کہ قومی خزانے سے اربوں روپے کے اشتہارات دیئے گئے ،اشتہاروں میں حکومت کے بجائے پارٹی کی تشہیر زیادہ ہوتی ہے ۔ایم کیو ایم کے کامران اختر کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت نے 2017میں14کروڑ روپے سے زائد کے اشتہارات اخبارات کودیئے،اب عدالتی احکامات کے بعد اشتہارات میں تصاویرنہیں لگتیں۔

جس پر وزیر اطلاعات نے کہا کہ پہلے اخبارات میں اشتہارات کے اجرا کی پالیسی نہیں تھی ،اب ویجلینس کمیٹی کی سفارش اور میڈیا لسٹ پرشامل اشتہارات دیئے جاتے ہیں ۔ناصرشاہ نے کہا کہ تسلیم کرتاہوں کہ بہت سارے اشتہارات میں نے بھی نہیںپڑھے ،اب غیرمعروف اخبارات کو۔اشتہار ات نہیں۔دینگے ناصرشاہ نے کہا کہ سندھ حکومت نے اپنی کارکردگی اورکارنامے بتانے کے لیے 14کروڑ روپے کے اشتہارات دیئی.ایم کیو ایم کے محمد حسین نے کہا سندھ میں گھوسٹ اور جب ، بھوت، چڑیل طرز کے اخبارات کو سرکاری اشتہارات سے نوازا گیا، یہ کہاں کاانصاف ہے۔