محمد فاروق حیدر کی قیادت میں ٹیم بن کر کام کر رہے ہیں ، اس میں دراڑ ڈالنے والے خام خیای میں مبتلا ہیں، چودھری طارق فاروق

آزادکشمیر میں کینسر ہسپتال بنانے کے سلسلہ میں معاہدہ جلدی پایہ تکمیل کو پہنچے گاا،ہسپتال مظفرآباد میں جلد بنے گا، فروق حیدر تمام سیاسی قائدین، حریت کانفرنس قائدین کو ساتھ لیکر عالمی سطح پر کشمیر کا مقدمہ بھرپور انداز میں لڑ رہے ہیں، قائم مقام وزیراعظم آزاد کشمیر

جمعہ 20 اپریل 2018 16:50

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اپریل2018ء) قائم مقام وزیر اعظم آزادحکومت ریاست جموںوکشمیر چوہدری طارق فاروق نے کہا ہے کہ ہم وزیر اعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان کی قیادت میں ٹیم بن کر کام کر رہے ہیں اور پوری ٹیم اپنے کپتان کے ساتھ مضبوطی سے کھڑی ہے کوئی اگر سمجھتا ہے کہ ٹیم کے اندر کوئی دراڑ ڈال سکتا ہے تویہ اس کی خام خیالی ہے آزادکشمیر میں کینسر ہسپتال بنانے کے سلسلہ میں معاہدہ جلدی پایہ تکمیل کو پہنچے گااور ہسپتال مظفرآباد میں جلد بنے گا۔

بطل حریت راجہ حیدر خان کا ڈوگرہ راج کے خلاف لوگوں کے منظم کرنے اوردلیرانہ قیادت کرنے میں تاریخی کردار ہے ۔ وزیر اعظم تمام سیاسی اور حریت کانفرنس قائدین کو ساتھ لیکر عالمی سطح پر کشمیر کا مقدمہ بھرپور انداز میں لڑ رہے ہیں وہ جمعہ کے روز یہاں تحریک آزادی کے عظیم لیڈر بطل حریت راجہ حیدر خان کی 52برسی کے موقع پر بلدیہ ہال میں منعقدہ راجہ حیدر خان میموریل سوسائٹی کے زیر اہتمام پروقار تقریب سے خطاب کر رہے تھے تقریب کی صدارت صدر سوسائٹی راجہ ممتاز خان نے کی جبکہ تقریب سے وزراء حکومت راجہ عبدالقیوم خان ، ممبران اسمبلی چوہدری شہزاد ، ڈاکٹر مصطفی بشیر ، سابق ممبر کشمیر کونسل رفاقت اعوان، میر محمد اشرف ، شیخ عقیل الرحمن ، راجہ محمد عارف خان، چوہدری منظور حسین ، راجہ محمد حنیف ایڈووکیٹ ، فروز خان ، راجہ آفتاب حسین ، راجہ محمد فرید، راجہ ساجد، راجہ وقار ، نصرت ارشاد،مقبول الرحمن عباسی ایڈووکیٹ ، خواجہ منظور احمد ، راجہ شاہد لطیف نے بھی خطاب کیا۔

(جاری ہے)

قائم مقام وزیر اعظم چوہدری طارق فارق نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج سیاست میں وہ معیار نہیں رہا جو ہمارے اکابرین نے چھوڑا تھا۔ ہم اپنے اکابرین کی جدوجہد ،سوچ اور قیادت کی وجہ سے آزاد خطہ کے اندر آزادی کا سانس لے رہے ہیں۔جن حالات میں انہوں نے جدوجہد کی اور ڈوگرہ راج کے خلاف علم بغاوت بلند کیا وہ بہت بڑا کارنامہ اورجرات کی بات ہے ۔

انہوں نے کہا کہ جن حالات اور جس وقت میں راجہ حیدر خان نے ڈوگرہ کے خلاف لوگوں کو منظم کیا اور خود آگے بڑھ کر قیادت کی اور ڈوگرہ کے تمام تر لالچ کو مسترد کیاوہ کشمیر کی تاریخ کا ایک سنہری باب ہے ۔ ہمارے اکابرین نے ہمیں الحاق پاکستان کی منزل دکھائی اور خود اس راستہ پر چل کر دکھایا کشمیریوں کی امیدوں کا محور ومنزل الحاق پاکستان ہے ۔

مقبوضہ کشمیر کے لوگ 70سالوں سے الحاق پاکستان کے لئے قربانیاں دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ راجہ حیدر خان مرحوم کی برسی کی تقریبات میںمجاہد اول سردار عبدالقیوم اور سالار جمہوریت سردار سکندر حیات خان بھی شریک ہوا کرتے تھے اور مجھے بھی یہ اعزاز حاصل ہے کہ میں تیسری یا چوتھی بار راجہ حیدر خان کی برسی میں شرکت کررہا ہوں ۔ انہوں نے نوجوانوں سے کہا کہ ہمیں اپنے اکابرین کی سوچ کو زندہ رکھنا ہے ان کے بتائے ہوئے اصولوں پر چلنا ہے اور الحاق پاکستان کی منزل حاصل کرنا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ آج اللہ تعالیٰ کالاکھ لاکھ شکر ہے کہ مسلم لیگ ن کی حکومت آزاد کشمیر کے عوام کی بھرپور خدمت کررہی ہے اور ساتھ ہی ملکی و بین الاقوامی سطح پر تحریک آزادی کو اجاگر کر رہی ہے ۔ آج بھی وزیر اعظم عالمی محاذپر تحریک کو مستحکم کرنے اور حق خودارادیت کی جدوجہد کو اجاگر کرنے کے سلسلہ میں دیگر سیاسی جماعتوں اور حریت قیادت کے ہمراہ لندن میں ہیں اور 18اپریل کو انہوں نے لندن میںکشمیریوں کے مودی کے خلاف مظاہرہ کی قیادت کی۔

چوہدری طارق فاروق نے کہا کہ آزاد کشمیر کی حکومت وزیر اعظم راجہ فاروق حیدر خان کی قیادت میں ایک مضبوط ٹیم کی طرح کام کررہی ہے کچھ عناصر ہماری ٹیم میں دراڑیں پڑنے کی افواہیں پھیلا رہے ہیں ایسی کوئی بات نہیں ایسی افواہوں میں کوئی صداقت نہیں ۔ ہمیں سیاست میں 35،35سال ہو گئے ہیں ہم کوئی بچے نہیں جمہوریت اور جمہوری سسٹم پر اور عوام کی خدمت پر مکمل یقین رکھتے ہیں اور وزیر اعظم راجہ فاروق حیدر کی قیادت میں خطہ کے گڈ گورننس ، میرٹ اور قانون کی حکمرانی کے لئے کامیاب جدوجہد کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم راجہ فاروق حیدر خان آزاد کشمیر کو بااختیار بنانے کے لئے جو کوشش کر رہے ہیں وہ قابل تعریف ہے اور ہم سب ان کے ساتھ اس جدوجہد میں پوری طرح شامل ہیں آزاد حکومت مزید بااختیار ہوگی تو ہمارے لوگ کو ترقی کے مزید وسائل مہیا ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کے بین الاقوامی دورے پر کسی کو تکلیف نہیں ہونی چاہیے یہاںجو چہ میگوئیاں ہوتی ہیں ان کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں ایسی باتیں نہیں سوچنی چاہیے مثبت سوچ اپنانی چاہیے اختلاف رائے سے گھر کی دیواریں مضبوط ہوتی ہیں یہی جمہوریت کا حسن ہے ایسی باتوں کو کوئی اور رنگ نہیں دینا چاہیے اپ جو سوچتے ہیں ایسا کچھ ممکن نہیں ۔

قائم مقام وزارت عظمیٰ میرے پاس ایک امانت ہے ہم ایک نظم و ضبط کے پابند ہیںاور ٹیم بن کر کام کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کینسر ہسپتال کے قیام کے لئے معاہدہ پایہ تکمیل کو پہنچنے والا ہے اور جلد ہی مظفرآباد میں کینسر ہسپتال بنے گا جس سے آزاد کشمیر بھر اور کے پی کے کے مریض مستفید ہوں گے ۔ انہوں نے کہا کہ مظفرآباد ہمارا دارالحکومت ہے ہمیںاپنے دارالحکومت اور یہاں کے لوگوں سے پیار ہے ہم سب ایک ہیں قائم مقام وزیر اعظم نے راجہ حیدر میموریل سوسائٹی کے لئے 5لاکھ روپے عطیہ کا اعلان بھی کیا۔

قائمقام وزیر اعظم چوہدری طارق فاروق نے کہا کہ میں بحیثیت وزیر اعظم مظفرآباد میں قائم ہونے والے کینسر ہسپتال کو راجہ محمد حیدر خان کے نام سے منسوب کرنے کا اعلان کرتا ہوں ۔ راجہ فاروق حیدر خان پہلے بھی وزیر اعظم رہے اب بھی ہیں اور آئیندہ بھی رہیں گے اپنی مدت مکمل کریں گے ان کے کام میں ہم سب ان کے دست بازوہیں ۔وزیر اعظم ، اپوزیشن لیڈر اور ساری سیاسی جماعتوں کی آل پارٹیز کانفرنس اور لندن میں احتجاجی مظاہرہ سے لائن آف کنٹرول کے پار اچھاتاثر پڑا ہمارے منتخب وزیر اعظم نے وہاں لائن آف کنٹرول کے دونوں اطراف کشمیریوں کی بھرپور نمائندگی کی جب منتخب نمائندے دنیا میں جاکربات کرتے ہیں تو انہیں اہمیت دی جاتی ہے ۔

ہماری حکومت کی اولین ترجیح تحریک آزاد ی کشمیر ہے جس کو راجہ محمد فاروق حیدر خان اور ان کی ٹیم نے اپنے طرز عمل سے ثابت کیا ہے ۔ ہمارے پونے دو سال کی کارکردگی گزشتہ کئی حکومتوں سے بہتر ہے ۔ مظفرآبادآزاد کشمیر کے ماتھے کا جھومر اور ہمارا اثاثہ ہے اس کے اثاثہ جات یہاں کے رہنے والے لوگوں سے ہماری محبت ہے اس کی حیثیت و اہمیت کسی صورت نہ کم نہ ختم کی جاسکتی ہے ۔

وزیر اوقاف راجہ عبدالقیوم خان نے کہا کہ راجہ حیدر علی خان نے نہایت دلیری کے ساتھ عوام کے حقوق کی جنگ لڑی ۔ وہ ایک غریب پرور شخصیت تھے ان کی لوگ دل سے عزت اور قدر کرتے تھے اور ان کے حکم پر اپنی جان تک قربان کرنے کو تیار ہو جاتے ۔ممبر اسمبلی ڈاکٹر مصطفیٰ بشیر نے کہا کہ ڈوگرہ راج ایک مشکل ترین دور تھا اور پوری ریاست پر مہاراجہ کا طوطی بولتا تھا ان حالات میں مہاراجہ کے خلا ف آواز اٹھانا راجہ حیدر خان کی جرات اور دلیری کا تاریخی کارنامہ ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ہم راجہ فاروق حیدر خان کے ساتھ ایک چٹان کی طرح کھڑے ہیں۔ چوہدری شہزاد نے کہا کہ راجہ حیدر خان ہماری قوم کے محسن تھے جنہوں نے نامساعد حالات میں ہماری آزادی کی جنگ لڑی اور یہ خطہ آزاد کرانے میں بڑھ چڑھ کر کردار ادا کیا ۔ ان کی خدمات کو قوم ہمیشہ یاد رکھے گی انہوں نے کہا کہ ہم وزیر اعظم راجہ فاروق حیدر خان کے ساتھ کھڑے ہیں۔

صدر حیدر میموریل سوسائٹی راجہ ممتاز خان نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ صدر آزاد کشمیر نے عالمی سطح پر مسئلہ کشمیر کو بھر پور اجاگر کیا جس پر ان کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں ۔راجہ حیدر خان ایک نفیس شخصیت تھے جو کبھی نہ جھکے نہ بکے ۔ برسی تقریب میںشرکت کرنے پر تمام لوگوں کو شکریہ اداکرتا ہوں انہوں نے کہا کہ سوسائٹی کبھی بھی سرکاری وسائل نہیں لئے۔