ملازمین اپنے فرائض دیانتداری اورایمانداری کے ساتھ سرانجام دیں‘قائمقام وزیراعظم آزاد کشمیر

بلدیاتی اورمیونسپل کارپوریشن کے اداروں کے ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن کے زیرالتواء جملہ معاملات نئے مالی سال سے قبل حل کرلیے جائیں گے‘چوہدری طارق فاروق

اتوار 22 اپریل 2018 15:10

بھمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اپریل2018ء) آزادکشمیرکے قائمقام وزیراعظم چوہدری طارق فاروق نے کہاہے کہ بلدیاتی اورمیونسپل کارپوریشن کے اداروں کے ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن کے زیرالتواء جملہ معاملات نئے مالی سال سے قبل حل کرلیے جائیں گے۔ملازمین اپنے فرائض دیانتداری اورایمانداری کے ساتھ سرانجام دیں۔ مسلم لیگ ن کی حکومت عوامی مسائل کے حل کے لیے کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کرے گی۔

آزاد کشمیر کے تمام اضلاع کی مین شاہرات بین الاقوامی معیار کے مطابق بنانے کے لیے ساڑھے 9 ارب روپے خرچ کیے جارہے ہیں۔بھمبرشہر کومثالی شہربنائیںگے اور بھمبرکے مسائل ترجیحی بنیادوں پرحل کررہے ہیں۔ مسلم لیگ ن کی حکومت 5 سال پورے کرئیگی لوگوں کوتعمیروترقی کے کام زمین پرنظرآئیں گے۔

(جاری ہے)

مسلم لیگ ن کے کارکنان جماعت کاسرمایہ ہیں ،کارکنوں کی عزت نفس کاہرممکن خیال رکھا جارہاہے۔

کارکن بلدیاتی الیکشن کی تیاری کریں ۔لیگی حکومت اقتدارکونچلی سطح تک عوامی منتخب نمائندوں کے حوالے کرکے ان کے مسائل ان کی دہلیز پرحل کرئیگی۔ ان خیالات کااظہار انھوں نے مقامی ریسٹ ہائوس میں ضلع بھرسے آئے ہوئے مختلف عوامی وفوداوربلدیاتی اداروں کے ملازمین سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ایڈمنسٹریٹرضلع کونسل راجہ غلام ربانی، ایڈمنسٹریٹرمیونسپل کمیٹی مرزامحمداجمل جرال، چیئرمین ضلع زکواة کونسل چوہدری عتیق برسالوی، مسلم لیگ ن حلقہ بھمبرکے صدر راجہ اظہراقبال، چوہدری غلام مصطفی آف کسگمہ، محمدآصف سمیت دیگرپارٹی عہدیداران وکارکنان کی بڑی تعداد موجود تھی۔

قائمقام وزیراعظم چوہدری طارق فاروق نے جملہ وفود کے مسائل غورسے سنے اور بیشترفوری حل طلب مسائل پرموقع پرہدایات دیں۔ انھوں نے کہاکہ مسلم لیگ ن کی حکومت راجہ محمدفاروق حیدرخان کی قیادت میں بھرپوراقدامات اٹھارہی ہے۔ لوگوں کوذرائع رسل ورسائل کی تیز ترین سہولیات کی فراہمی کے لیے ہرممکن کوششیں جاری ہیں۔ انھوں نے کہاکہ سابق وزیراعظم پاکستان میاں محمدنوازشریف نے آزادکشمیرکے ترقیاتی بجٹ میں دوگناہ اضافہ کرکے کشمیریوں اور بالخصوص راجہ محمدفاروق حیدرخان کی حکومت پربڑااحسان کیاہے جس کی وجہ سے حکومت نے آزاد کشمیربھرمیں تعمیروترقی کے نئے دورکاآغاز کردیاہے۔

انھوں نے کہاکہ تحریک آزادی کشمیر کوبین الاقوامی سطح پراجاگرکرنے کے لیے حکومت بھرپور اقدامات اٹھارہی ہے اس مقصد کے لیے برطانیہ میں نریندرمودی کی آمد پروزیراعظم راجہ محمدفاروق حیدرخان نے تمام سیاسی جماعتوں سے ملکربھرپورمظاہرہ کیاہے ۔ انھوں نے کہاکہ تحریک آزادی کشمیر کی کامیابی کے لیے کشمیری اپنی جدوجہدجاری رکھیں گے اور وہ وقت اب زیادہ دورنہیں جب مقبوضہ کشمیر کے عوام بھی آزادی کاجشن منائیں گے۔