بھارتی حکمرانوں کا جنگی جنون اور مقبوضہ کشمیرمیں روا جنگی جرائم عالمی امن کے لیے شدید خطرہ ہیں‘وزیر جیل خانہ جات

پیر 23 اپریل 2018 14:16

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اپریل2018ء) آزادکشمیر حکومت کے وزیر جیلخانہ جات محمد اسحق چوہدری نے کہا ہے کہ کشمیریوں کا دشمن پاکستان کا دشمن اور پاکستان کا دوست کشمیریوں کا دوست ہے ۔ کشمیر ی اور پاکستانی قوم یک جان دوقالب ہیں ۔ بھارتی حکمرانوں کا جنگی جنون اور مقبوضہ کشمیرمیں روا جنگی جرائم عالمی امن کے لیے شدید خطرہ ہیں ۔

(جاری ہے)

آج مقبوضہ کشمیر عملاًفوجی چھائونی میں تبدیل ہو چکا ہے اور بھارتی مسلح افواج کے اندوہناک مظالم اور ہتک آمیز سلوک سے کشمیری نوجوان بندوق اٹھانے پر مجبور ہوئے ہیں ۔ وزیر جیلخانہ جات نے باور کروایا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی پولیس اور افواج کشمیری نوجوانوں کے صبر کا مزید امتحان نہ لیں۔ انہوں نے کشمیری نوجوانوں کو فرضی الزامات میں گرفتار کرنے اور جسمانی تشددسے نشانہ بنانے کی شدید مذمت کی اور عالمی برادری اور اقوام متحدہ پر بھارتی مظالم کا فوری نوٹس لینے کا مطالبہ بھی کیا۔