معصوم آصفہ سے درندگی اور قتل کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے‘ بھارت میں قاتلوں کو سزا دینے کی بجائے ان کے حق میں مظاہرے سے بھارت کا حقیقی غیر جمہوری اور سفاک چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب ہو چکا ہے

سروے میں زاہد مغل،خالد محمودخالق،چوہدری ساجد ‘راجہ فضل الرحمن‘ دائود بندوروی‘ یوسف بندوروی و دیگر کا بیان

بدھ 25 اپریل 2018 16:40

اسلام گڑھ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 25 اپریل2018ء) مقبوضہ کشمیر میں معصوم آصفہ کے ساتھ درندگی اور اس کے بعد قتل کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے، بھارت میں قاتلوں کو سزا دینے کی بجائے ان کے حق میں مظاہرے کرنے سے بھارت کا حقیقی غیر جمہوری اور سفاک چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب ہو چکا ہے۔ کشمیر میں مظالم اس قدر بڑھ چکے ہیں کہ اب 8سال کی معصوم بچی آصفہ بھی مودی کے سفاک درندوںسے محفوظ نہ رہ سکی۔

مودی سرکار کی فوج اور اس کے پالتو غنڈوں سے 8سال کی معصوم بچی سے 70سال کی بوڑھی خواتین تک محفوظ نہیں ہیں۔ اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کمیشن کے سیکرٹری جنرل کی خواتین کے ساتھ ریپ کی رپور ٹ دنیا کی آنکھیں کھولنے کے لیے کافی ہے۔ان خیالات کا اظہارسروے میں زاہد مغل،خالد محمودخالق،چوہدری ساجد حسین،راجہ فضل الرحمن،چوہدری دائود بندوروی،راجہ یوسف بندوروی،چوہدری معروف حسین،چوہدری ناظم حسین،چوہدری مہربان،حاجی اقبال ڈھلوی اور چوہدری سرفراز احمد گفتگو کر تے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بھارت دنیا کے سامنے بڑی جمہوریت ہونے کا دعویدار ہے جبکہ حقیقت میں بھارت دنیا میں خواتین کے ساتھ زیادتیوں، ریپ اور انسانی حقوق کی پامالیوں میں سب سے پہلے نمبر پر ہے۔ مقبوضہ جموں کشمیر میں جاری بھارتی بربریت، کشمیری نوجوانوں کی منظم نسل کشی، خواتین پر تشدد، بے گناہ کشمیریوں کی گرفتاری انتہاء پسند ہندو حکمرانوں کے مکروہ عزائم کا پردہ چاک کررہی ہے۔

مقبوضہ وادی کودرندہ صفت بھارتی فورسز نے خون میں نہلا رکھا ہے، صرف ماہ اپریل میں درجنوں کشمیری نوجوانوں کو شہید کیا گیا، سینکڑوں زخمی کیے گے،بھارتی درندوں نے آصفہ بانو کو انصاف دلوانے کے حق میں پرامن احتجاجی مظاہرین پر پتھراؤ، آنسووں گیس کی شیلنگ کر کے زخمی کیا جو کھلم کھلا دہشتگردی ہے جس پر عالمی امن کے دعویداروں کوخاموشی توڑنی ہوگی۔ بھارتی فورسز بے گناہ کشمیریوں کے خون سے ہولی کھیلنا بند کرے، مقبوضہ جموں کشمیر میں جاری کشمیریوں کی مقدس تحریک آزادی جلد کامیابی سے ہمکنار ہوگی۔