پیپلز پارٹی ملک میں آزادی اظہارِ و صحافت کے تحفظ کے لیئے پرعزم ہے، بلاول بھٹو کی کے یو جے کے عہدیداران کو مبارکباد

پیر 30 اپریل 2018 23:51

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 اپریل2018ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کراچی یونین آف جرنلسٹس کے نومنتخب عہدیدارن کو ان کی کامیابی پر مبارکباد دی ہے اور یقین دلایا ہے کہ ان کی پارٹی ملک میں آزادی اظہارِ و صحافت کے تحفظ کے لیئے پرعزم ہے۔

(جاری ہے)

کراچی یونین آف جرنلسٹس کے نومنتخب صدر حسن عباس اور جنرل سیکریٹری عاجز جمالی کے نام اپنے تہینتی پیغام میں پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ آمریتی ادوار میں نافذ کردہ کالے قوانین کے خلاف ان کی پارٹی ہمیشہ صحافی برادری کے شانہ بشانہ جدوجہد کرتی رہی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ وہ پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومت ہی تھی، جس نے ایسے تمام قوانین کو ختم کردیا تھا، جن کا مقصد پریس کو دبانا تھا۔ بلاول بھٹو زرداری نے اس امید کا اظہار کیا کہ KUJ کے نومنتخب عہدیدارن صحافی برادری کی فلاح و بھبود کے لیئے اپنا کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے KUJ کے صدر و جنرل سیکریٹری کو مخاطب ہوتے کہا کہ تنظیم کے دیگر نومنتخب عہدیدارن کو بھی ان کی جانب سے مبارکباد کا پیغام پہنچایا جائے۔