مقبوضہ کشمیر : یاسمین راجہ کی قیادت میں پلوامہ دربگام میں زبردست بھارت مخالف مظاہرہ

مظاہرین نے پاکستانی پرچم لہرایا، بھارت نے اپنی فورسز کو نہتے کشمیریوں کے قتل کی چھٹی دے رکھی ہے،یاسین راجہ

بدھ 2 مئی 2018 15:28

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 مئی2018ء) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں شہید ہونے والے نوجوان سمیر احمد بٹ کے آبائی علاقے پلوامہ دربگام میںایک زبردست بھارت مخالف مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرین نے بھارت کے خلا ف اور آزادی کے حق میں فلک شگاف نعرے لگائے ۔ انہوںنے اس موقع پر پاکستان کا پرچم بھی لہرایا۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق مظاہرے کی قیادت کل جماعتی حریت کانفرنس کی رہنما اور مسلم خواتین مرکز کی چیئرپرسن یاسمین راجہ نے کی۔

یاسین راجہ کی قیادت میں مسلم خواتین مرکز کا ایک وفد شہید نوجوانوں کے اہلخانہ کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے سرینگر سے دربگام آیا تھا۔ بھارتی فوجیوں نے سمیر احمد بٹ، عاقب احمد وانی اور شاہد احمد بٹ کو پیر کے رو ز دربگام میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کے دوران شہید کیا تھا۔

(جاری ہے)

یاسین راجہ نے احتجاجی مظاہرین سے خطاب میں شہید نوجوانوں کو شاندرا ر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ قابض بھارتی فورسز نے کشمیری نوجوانوں کا قتل روز کا معمول بنا لیا ہے۔

انہوںنے کہا کہ یہ ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے کہ ہم شہدا کی قربانیوں کی حفاظت کریں اور انکے مشن کوہر قیمت پر اسکے منطقی انجام تک پہنچائیں۔ یاسین راجہ نے کہا کہ بھارت نے کالے قانون آرمڈ فورسز سپیشل پاورز ایکٹ کے تحت اپنی فورسز کو نہتے کشمیریوں کے قتل کی کھلی چھٹی دے رکھی ہے۔ انہوںنے کہا کہ انسانی حقوق کے عالمی اداروں اور بھارتی سول سول سوسائٹی نے نہتے اور بے گناہ کشمیریوں کے قتل پر خاموشی اختیار کر رکھی ہے جو نہایت افسوسناک ہے۔ ۔انہوںنے بھارتی فورسز کی طرف سے نہتے اور پرامن مظاہروں کے خلاف طاقت کے وحشیانہ استعمال کی شدید مذمت کی۔