اہل کشمیر اپنے ترک بھائیوں کے شکر گزار ہیں انہوں نے آزمائش کی ہر گھڑی میں کشمیریوں کا ساتھ دیا ،ڈاکٹرخالد محمود

ترکی میں امسال مسئلہ کشمیر پر بین الاقوامی کانفرنس کریں گے،عبدالرشید ترابی اہل ترکی کے محبوب لیڈر ہیں،علی کرت

بدھ 2 مئی 2018 21:49

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 02 مئی2018ء) مساجد ومدارس فائونڈیشن کے زیر اہتمام علماء،خطباء اور اساتذہ کانفرنس کا انعقاد ہوا جس میں امیر جماعت اسلامی ڈاکٹر خالد محمود خان،مسلم این جی اوز کے سربراہ علی کرت وفد کے ہمراہ شریک ہوئے ،کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مسلم این جی اوز کے صدر علی کرت نے کہاکہ امسال ترکی میں مسئلہ کشمیر پربین الاقوامی کانفرنس کا انعقاد کیا جائے گا ،عبدالرشید ترابی اہل ترکی کے محبوب لیڈر ہیں،مساجد و مدارس فائونڈیشن کی خدمات قابل ستائش ہیں ،اس وقت امت کو جہالت،غربت اور اختلافات جیسے چیلنجز کا سامنا ہے ،امت مسلمہ متحد اور متفق ہو کر اپنے مسائل حل کرے ،انہوں نے کہاکہ 30سال تک نبی پاک ؐ کے بعد خلافت کا نظام چلتا رہا جس سے عوام الناس کو فوائد ملے امت واحدہ بن گئی اس کے بعد باہمی اختلافات کی وجہ سے امت ٹکڑوں میں بٹ گئی امت کو ایک بار پھر اپنے باہمی اختلافات کو ختم کر کے ایک امت بننا چاہیے ہم مدینے کی ریاست کے نمائندے ہیں ہمیں اسی طرز کی ریاست قائم کرنی ہے ،نبی پاک ؐ اور ان کے بعد خلافت کے دور میں یہ سرحدیں جو آج قائم ہیں یہ نہیں تھیں ایک سازش کے تحت اسلامی ممالک کے درمیان سرحدیں قائم کی گئیں ،اللہ ،قرآن اور قبلہ شرق سے غرب تک سب مسلمانوں کا ایک ہے اللہ تعالیٰ نے قرآن میں ہمیں باہم مل کر رہنے کا حکم دیا ہے اور باہمی اختلافات سے منع فرمایا ہے ،اس موقع پر انہوں نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر کے اندر مظالم ہورہے ہیں اہل ترکی کشمیریوں کو اپنا بھائی اور امتی تصور کرتے ہیں ہندوستان اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق کشمیریوں کو ان کا حق فراہم کرے ،انہوں نے کہاکہ ہماری این جی اوز پوری دنیا میں انسانیت کی بھلائی کے لیے کام کررہی ہیں ہماری کوشش ہے کہ ہم انسانیت کے مسائل حل کریں ،اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی آزادکشمیر ڈاکٹر خالد محمود نے کہاکہ ہم اہل ترکی کے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے آزمائش کی ہر گھڑی میں کشمیریوں کا ساتھ دیا ان کی آمد پر ہمارے حوصلے بڑھے ہیں کشمیریوں 1947ء میں یہ خطہ آزاد کروایا اور بقیہ کشمیر کی آزادی کے لیے جدوجہد کررہے ہیں ،ترکی میں عالمی کانفرنس کشمیر کے مسئلے کو اجاگر کرنے اور حل کرنے میں سنگ میل ثابت ہو گی ،انہوں نے کہاکہ یہ خطہ ہم نے اس لیے آزاد کروایا تھا کہ ہم ایک اسلامی فلاحی ماڈل ریاست بنائیں گے ،جماعت اسلامی آزادکشمیر اور گلگت بلتستان میں اللہ کے نظام کے قیام اور نفاذ کے لیے جدوجہد کررہی ہے ،جماعت اسلامی نے تعلیم،صحت اور خدمت کے میدان میں کار ہائے نمایاں سر انجام دئیے اس وقت ریڈ فائونڈیشن کے زیر انتظام 390سکول کام کررہے ہیں ،خدمت کے میدان میں الخدمت فائونڈیشن سر گرم عمل ہے ،دعوت کے میدان میں مساجد و مدارس فائونڈیشن سرگرم عمل ہے اس وقت آزادکشمیر میں 150سے زائد مساجد اللہ کے دین کے ابلاغ کے لیے کام کررہی ہیں ،منبر و محراب آج بھی اصلاح معاشرے میں اہم کردار ادا کررہا ہے اور دعوت کا موثر ذریعہ ہے ،کانفرنس میں نائب امراء راجہ جہانگیر خان،نورالباری،مساجد و مدارس کے سیکرٹری اشرف بلال،منیر ضیاء سمیت دیگر قائدین نے شرکت کی کانفرنس کے اختتام پر علی کرت اورڈاکٹر خالد محمودنے علماء کرام کو اسناد اور شیلڈز دیں ۔