شہداء نے مقدس مشن کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا انکی قربانیوں کو رائیگاںنہیں جانے دیاجائیگا‘حریت رہنماء

جمعرات مئی 20:31

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 03 مئی2018ء) مقبوضہ کشمیر میں حریت رہنمائوں اور تنظیموں نے بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں پلوامہ اور شوپیاں میں شہید ہونیوالے نوجوانوں کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا ہے ۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق جموںوکشمیر مسلم کانفرنس کے چیئرمین شبیر احمد ڈار نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں پلوامہ کے علاقے دربگام میں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں شہید ہونیوالے نوجوانوںکو زبردست خراج عقیدت پیش کیا ۔

انہوںنے کہاکہ ان شہداء نے ایک مقدس مشن کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے اور انکی قربانیوں کو رائیگاںنہیں جانے دیاجائیگا۔ انہوںنے کہاکہ بھارتی فورسز کشمیری عوام کو محکوم رکھنے کیلئے تمام اوچھے ہتھکنڈے استعمال کر رہی ہیں ۔ تاہم انہوںنے کہاکہ وہ اپنے مذموم عزائم میں ہرگز کامیاب نہیں ہو ں گی۔

(جاری ہے)

ا نہوںنے کہاکہ بھارت کو نوشتہ دیوار پڑھ لینا چاہیے کہ وہ مسئلہ کشمیر کے حل میں جتنی تاخیر کرے گا اسے عالمی سطح پر اتنی ہزیمت کا سامنا کرنا پڑے گا کیونکہ مقبوضہ کشمیر میں نہتے کشمیریوں پر اسکے مظالم تیزی سے اجاگر ہو رہے ہیں۔

ادھرکشمیر ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں گزشتہ روز شوپیاں میں پر امن مظاہرین پر بھارتی فوجیوں کی طرف سے اندھا دھند فائرنگ میں ایک شہری کے قتل اور متعدد کے زخمی ہونے کی شدید مذمت کی ہے ۔ بیان میں تمام مہذب قوموں اور انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں سے اپیل کی گئی کہ وہ نہتے کشمیری عوام کو بھارتی مظالم سے نجات دلانے کیلئے اپنا کردا ر ادا کریں۔