Live Updates

جن کو سزا ہونی چاہیے تھی وہ بری اور جن کو بری ہونا تھا وہ پیشیاں بھگت رہے ہیں ، نوازشریف

مجھے بیوی کی تیمارداری کیلئے جانے کی اجازت نہیں ملتی،عوام کے محافظوں پر تشدد کرنے والوں کو بری کرنے سے کیا تاثر جارہاہے، اب صاف اور شفاف الیکشن والی باتوں سے دل اٹھ گیا، لاہور جلسے میں ناکامی پر عمران خان نے الیکشن کے التوا کی بات کی،سابق وزیراعظم کی احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو

جمعہ 4 مئی 2018 18:06

جن کو سزا ہونی چاہیے تھی وہ بری اور جن کو بری ہونا تھا وہ پیشیاں بھگت ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 04 مئی2018ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد سابق وزیراعظم میاں نوازشریف نے کہا ہے کہ جن کو سزا ملنی چاہیے وہ بری ہورہے ہیں اور جن کو بری ہونا چاہیے وہ پیشیاں بھگت رہے ہیں، مجھے بیوی کی تیمارداری کرنے کے لیے جانے کی اجازت نہیں ملتی،عوام کے محافظوں پر تشدد کرنے والوں کو بری کرنے سے کیا تاثر جارہاہے، صاف اور شفاف الیکشن کرائیں گے تاہم اب صاف اور شفاف الیکشن والی باتوں سے دل اٹھ گیا، لاہور جلسے میں ناکامی پر عمران خان نے الیکشن کے التوا کی بات کی۔

جمعہ کو اسلام آباد کی احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نوازشریف نے عمران خان کی بریت پر رد عمل میں کہا کہ جن کو سزا ملنی چاہیے وہ بری ہورہے ہیں اور جن کو بری ہونا چاہیے وہ پیشیاں بھگت رہے ہیں، عجیب منطق ہے، ایٹمی دھماکا کرنے، موٹرویز بنانے اور بجلی کے کارخانے لگانے والا نااہل ہے، کون اہل اور کون نااہل،کون کرپٹ ہے کون نہیں، عوام فیصلہ آئندہ الیکشن میں سنائیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مجھے تو اپنی بیوی کی تیمار داری کے لیے جانے کی اجازت نہیں دی، ہمارے کئی لوگوں کو توہین عدالت میں سزا ملی، پتا نہیں اور کتنے کو دینا چاہتے ہیں، پھر کہتے ہیں ملک میں شفاف الیکشن کرائیں گے، میرا اعتماد اٹھ رہا ہے، یہ باتیں کرنے والے اب شفاف الیکشن نہیں کراسکتے۔سابق وزیراعظم نے کہا کہ عمران خان نے الیکشن میں ایک ماہ تک تاخیر کا کہا ہے، یہی بات دو صاحبان پہلے بھی کہہ چکے ہیں، عمران خان نے لاہور جلسے کے بعد یہ بات کہی، انہیں عوام کی پذیرائی نہیں ملی، انہوں نے امپائر کی انگلی پر اعتماد کیا، انہیں پتا ہے عوام کے انگوٹھے ان کے حق میں نہیں لگنے، اس لیے وہ الیکشن کے التوا کی بات کررہے ہیں۔

(ن)لیگ کے قائد نے کہا کہ عمران خان کو بتانا چاہتا ہوں کہ ایک ماہ کیا ایک گھڑی بھی الیکشن میں تاخیر برداشت نہیں کریں گے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات