آزادکشمیر کے نوجوانوں میں اچھا کھیلنے کی صلاحیت موجود ہے، سردار مسعود خان

مناسب تربیت اور کھیلوں کے مواقع فراہم کئے جانے سے نوجوانوں کے اندر چھپی صلاحیتوں کو نکھارنے میں مدد ملتی ہے ، کامیاب ممالک نے کھیلوں کے میدان میں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کی ہے ،ہم بھی آزادکشمیر میں اسی طرح کے اقدامات اُٹھائینگے، افتتاحی تقریب سے خطاب

جمعہ 4 مئی 2018 21:51

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 مئی2018ء) صدر آزاد جموں و کشمیر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ آزادکشمیر کے نوجوانوں میں اچھا کھیلنے کی صلاحیت موجود ہے،مناسب تربیت اور کھیلوں کے مواقع فراہم کئے جانے سے نوجوانوں کے اندر چھپی صلاحیتوں کو نکھارنے میں مدد ملتی ہے ، کامیاب ممالک نے کھیلوں کے میدان میں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کی ہے ،ہم بھی آزادکشمیر میں اسی طرح کے اقدامات اُٹھائیں گے۔

صدر آزادجموں و کشمیر نے ان خیالات کا اظہار جمعہ کو مظفرآباد میں کشمیر سپر لیگ (KSL)کی افتتاحی تقریب میں شرکت کرتے ہوئے کیا ۔صدر نے اس موقع پر کشمیر سپر لیگ کی ٹیم کو آزادکشمیر میں کرکٹ کے فروغ کے لئے اٹھائے گئے اقدامات پر مبارکباد دی ۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر سپر لیگ اس علاقے کے کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتیں بروئے کار لانے میں معاون ثابت ہو گی۔

(جاری ہے)

صدر مسعود خان نے کہاکہ آج جشن کا دن ہے کیونکہ آج KSLکا آغاز ہو رہا ہے اسے آزادکشمیر کو پاکستان کے مرکزی دھارے کے اندر لانے میں مدد ملے گی ۔ انہوں نے کہا کہ اس ٹورنامنٹ کے کھلاڑیوں کو لازمی حوصلہ افزائی ملے گی اور پاکستان بھر میں کھلاڑیوں کے سلیکٹرز کو ہمارے مقامی ہونہار کھلاڑیوں کے انتخاب کے مواقع ملیں گے ۔صدر آزادجموں وکشمیر نے کہا ہے کہ وزیر سپورٹس آزاد کشمیر چوہدری محمد سعید نے آزادجموں و کشمیر میں کھیلوں کے فروغ دینے میں بہت اہم کردار ادا کیا ہے ۔

انہوں نے کہا وزیر موصوف نے آزادکشمیر میں کھیلوں کے فروغ کے سلسلے میں پاکستان میں دیگر کھیلوں کی ایسوسی ایشنز کے ساتھ تعلقات قائم کئے ہیں تاکہ آزادکشمیر کے نوجوانوں کوکھیلوں کے میدان میں اپنی صلاحیتں اجاگر کرنے کے مواقع مل سکیں۔صدر نے کہا کہ آزادکشمیر کے نوجوانوں میں اچھا کھیلنے کی بے پناہ صلاحیت موجود ہے انہوں نے مزید کہا کہ مناسب تربیت اور کھیلوں کے مواقع فراہم کئے جانے سے نوجوانوں کے اندر چھپی صلاحیتوں کو نکھارنے میں مدد ملتی ہے جس طرح کہ راولاکوٹ کے سلمان ارشاد کو لاہو رقلندر کی جانب سے کھیلنے کے لئے منتخب کیا گیا ہے اور اس علاقے سے تربیت کے ساتھ PSLکے لئے ہم سینکڑوں سلمان ارشاد پیدا کر سکتے ہیں ۔

ہمارے نوجوانوں میں کرکٹ کھیلنے کی عمدہ صلاحیت موجود ہے۔کھیلوں کی سرگرمیوں کی اہمیت نمایاں کرتے ہوئے صدر نے کہا کہ کھیل نوجوانوں کی فلاح و بہبود اور ذہنی نشوونما میںاہم کردار ادا کرتا ہے اور کھیل نوجوانوں کو منفی اور غیر صحتمندانہ سرگرمیوں سے بھی بچاتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ کھیلوں سے نوجوانوں میں ٹیم ورک ، اعتماد ، نظم و ضبط اور وقت کی پابندی جیسے مثبت اوصاف پیدا ہوتے ہیں ۔

انہوں نے مزید کہا کہ کامیاب ملکوں نے کھیلوں کے میدان میں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کی ہے اور ہم بھی آزادکشمیر میں اسی طرح کے اقدامات اُٹھائیں گے۔صدر سردار مسعود خان نے آزادجموں و کشمیر کے لوگوں کو مبارکباد دی اور سرینگر فائیٹرز کے نام پر ایک ٹیم تشکل دینے پر منتظمین کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ KSLایک اہم پیشرفت ہے ۔ جس سے آزادکشمیر کی آمدنی میں اضافہ ہو گا ، یہ سیاحوں کے لئے کشش کا باعث ہو گی۔

ہوٹلز، ریسٹورنٹس ، اشتہارات ، الیکٹرانک و پرنٹ میڈیا اور مقامی صنعتوں کے لئے بھی سود مند ہو گی ۔صدر آزادجموں و کشمیر نے KSLکے آغاز کو سراہا اور کہا کہ اس لیگ سے آزاد کشمیر کے عوام کی آزادی اور ہمارے اتحاد کا مثبت پیغام بھارت کو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس موقع پرہمیں مقبوضہ کشمیر کے اپنے مظلوم بہن بھائیوں کو نہیں بھولنا چاہیے جو بھارت کے بدترین مظالم اور ریاستی دہشت گردی کا شکار ہیں ، جنہیں سر عام قتل کی جا رہا ہے بیلٹ گنوں سے انہیں نا بینا اور معذور کیا جا رہا ہے ، انہیں غیر قانونی طور پر قید و بند کیا جا رہا ہے ہمیں ان کی آواز کو عالمی برادری تک پہنچانا چاہیے تاکہ انہیں بھی حق خوداریت مل سکے۔

چوہدری محمدسعید وزیر کھیل نے اپنے خطاب میں KSLکی کامیابی کے لئے اپنی وزارت اور حکومت کی جانب سے مکمل حمایت کا یقین دلایا اور کہا کہ حکومت کھیلوں کی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لئے آزادکشمیر میں بڑے پیمانے پر کھیلوں کے مقابلے کروانے کا ارادہ رکھتی ہے۔صدر سردار مسعود خان نے چوہدری محمد سعید وزیر سپورٹس کرکٹ لیجنڈ ثقلین مشتاق (مشیر KSL) اور منتظمین نے لیگ کے سرکاری لوگو کا اعلان کیا ۔

KSLآزادکشمیر کی پہلی لیگ ہے جسمیں ابتدائی طور پر (6)چھ ٹیمیں شامل ہیں جو T-20کی شکل میں کھیلیں گی۔پورے آزادکشمیر اور پاکستان سے کھلاڑی اس ٹورنامنٹ میں حصہ لیں گے اور یہ کھلاڑیوں کے لئے بین الاقوامی سطح پر کھیلنے کے لئے تربیتی گراونڈ ہو گا۔تقریب میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنرل فرحت علی میر ،سابق ڈپٹی سپیکرآزاد جموں وکشمیرقانون ساز اسمبلی شاہین کوثر ڈار ،سیکرٹری سپورٹس راجہ الیاس اور دیگر شائقین کرکٹ بھی کثیر تعداد میں شامل تھے۔