تارکین وطن کشمیریوں کے دل اپنے ہم وطنوں سے جڑے ہوئے ہیں‘دھرتی ماں کی محبت ہمارے دلوں میں رچی بسی ہے‘

دکھی انسانیت کی خدمت کرنا میرا بنیادی مشن ہے بریڈ فورڈ برطانیہ کے کونسلر طلعت سجاول کا استقبالیے سے خطاب

ہفتہ 5 مئی 2018 21:25

اسلام گڑھ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 05 مئی2018ء) بریڈ فورڈ برطانیہ کے کونسلر طلعت سجاول نے کہا ہے کہ تارکین وطن کشمیریوں کے دل اپنے ہم وطنوں سے جڑے ہوئے ہیں۔دھرتی ماں کی محبت ہمارے دلوں میں رچی بسی ہے۔دکھی انسانیت کی خدمت کرنا میرا بنیادی مشن ہے ‘جس کے لئے مختصر عرصے کے لئے اپنے آبائی شہر اسلام گڑھ آیا ہوں۔سو سے زائد افراد میں رمضان پیکج تقسیم کیا اور آئندہ سال 200سے زائد غریب،بیوہ ،یتیموں اور بے سہاراافراد میں رمضان پیکج تقسیم کروں گا۔

برطانوی سیاست میں حصہ لینے کا بنیادی مقصد ہی کمیونٹی کے مسائل حل کرنا تھا۔آزاد حیثیت سے الیکشن میں لیا اور اپنے سے کئی گناہ طاقت ور امیدوار کو ایک ہزار ووٹ کی لیڈ سے شکست دی۔ بریڈ فورڈ میں برادری ازم کے اسٹیٹس کو توڑااور حلقہ کے عوام کی بلاتخصیص خدمت کا سلسلہ شروع کیاہے جو جاری رہیگا۔

(جاری ہے)

مسئلہ کشمیر ہماری بنیادی اساس ہے جس کے لئے ہر کشمیری چاہے وہ دنیا کے کسی بھی کونے میں ہو اپنی خدمات سرانجام دے رہا ہے۔

ان خیالات کا اظہارانہوںنے اسلام گڑھ جرنلسٹ فورم میں سینئر صحافی راجہ اختر محمود کی طرف سے دیے گے استقبالیے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔استقبالیہ تقریب صدر جرنلسٹ فورم عبدالحمید کشمیری،میلاد کمیٹی اسلام گڑھ کے صدرحاجی راجہ نجابت حسین،سابق صدر جرنلسٹ فورم خالد محمودمغل،سینئر نائب صدرمرزا جمیل احمد شاہد اور رابطہ نگاہ کرم نقوی نے بھی خطاب کیا۔

تقریب میں سینئر صحافی راجہ اختر محمود،راجہ عمران اختر،راجہ عامر اختر،سیاسی وسماجی شخصیت پرویز اختر،چوہدری سجاول وددیگر نے شرکت کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسلام گڑھ جرنلسٹ فورم کے صدر عبدالحمید کشمیری نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کی تعمیر وترقی تارکین وطن کشمیریوں کی مرہون منت ہے ۔طلعت سجاول ہمارے علاقے کا فخر ہیں کہ جنہوںنے دیار غیر میں رہتے ہوئے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا اور برطانوی سیاست میں فعال کردار ادا کیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میلا د کمیٹی اسلام گڑھ کے صدر حاجی راجہ نجابت حسین نے کہا کہ طلعت سجاول نے آزاد امیدوار کی حیثیت سے بریڈ فورڈ سے کونسلر کا الیکشن جیتا جو ان کی کمیونٹی میں مقبولیت اور ان کی کمیونٹی کے لئے خدمات کا منہ بولتا ثبوت ہے۔دیار غیر میں رہتے ہوئے اپنے ہم وطنوں کی خدمت کرنا والدین کی تربیت ہے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سابق صدر جرنلسٹ فورم خالد محمودمغل ،مرزا جمیل احمد شاہد اور نگاہ کرم نقوی نے کہا کہ تارکین وطن کشمیری ہماری نظریاتی سرحدوں کے محافظ ہیں اور کشمیریوں کے سفیر کے طور پر دنیا بھر مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔

اسلام گڑھ کی مٹی بڑی زرخیز مٹی ہے جس نے طلعت سجاول سمیت کئی اہم سپوتوں کو جنم دیا جو چاہے سیاست ہو ،کاروبار ہو یا کمیونٹی خدمات غرض یہ کہ ہر سطح پر ان کی خدمات کا احاطہ کرنا ناممکن ہے۔رمضان پیکج کے ذریعے اپنے ہم وطنوں کی خدمت کرنا صدقہ جاریہ ہے ۔