حریت رہنمائوں کی شہید نوجوانوں کو خراج عقیدت پیش کرنے ،اہلخانہ سے اظہار یکجہتی ان کے گھر آمد

کٹھ پتلی حکمران قتل وغارت ،گرفتاریوں کے ذریعے کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو ختم نہیں کرسکتے، بیان

منگل 8 مئی 2018 22:04

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 مئی2018ء) مقبوضہ کشمیر میں حریت رہنما محمد یوسف نقاش،حکیم عبدالرشید اور جاوید احمد میر بھارتی فورسز کے ہاتھوں شہیدہونے والے نوجوانوں عادل احمدیتواور فیاض احمد حمال کو خراج عقیدت پیش کرنے اوران کے اہلخانہ سے اظہار یکجہتی کے لیے ان کے گھر گئے۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق حریت رہنمائوں نے اس موقع پر شوپیان ، پلوامہ اور چھتہ بل سرینگر میں شہید ہونے والے نوجوانوں کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا۔

انہوں نے بھارتی فوجیوں کی طرف سے عام شہریوںکو اندھا دھند فائرنگ کرکے قتل اور زخمی کرنے کی شدید مذمت کی۔ انہوں نے کہاکہ بھارت اور اس کے کٹھ پتلی حکمران قتل وغارت اور گرفتاریوں کے ذریعے کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو ختم نہیں کرسکتے ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ کشمیری حصول حق خود ارادیت تک جدوجہد جاری رکھیں گے جس کیلئے وہ بے پناہ قربانیاں دے رہے ہیں ۔

حریت رہنمائوں نے کہابھارت نے تنازعہ کشمیر سے عالمی برادری کی توجہ ہٹانے کے لیے گزشتہ سات دہائیوں سے بے شمار حربے استعمال کئے لیکن کشمیری عوام نے متحدہ ہو کر ان حربوں کا بھرپورمقابلہ کیا ۔ انہوں نے اقوام متحدہ سمیت عالمی برادری اور انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ کشمیریوں پر ڈھائے جانے مظالم کا جائزہ لینے کے لیے کشمیر کو دورہ کریں ۔

انہوں نے کہاکہ کشمیری عوام کاحق خودارادیت کا مطالبہ کوئی نیا مطالبہ نہیں بلکہ تنازعہ کشمیر گزشتہ ستر سال سے اقوام متحدہ کے ایجنڈے پر سب سے پرانا حل طلب مسئلہ ہے۔ دریں اثناء ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کے کئی وفودشہد اء کے اہلخانہ ا و زخمیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے ان کے گھر گئے۔ انجینئر فاروق خان کی سربراہی میں پارٹی کا وفد ڈورو اور کولگام گیا جبکہ تنویر احمد کی قیادت میں ناگہ بل شوپیان،محمد امین کی قیادت میںروہمو پلوامہ اورماجد احمد کی قیادت میں وفد گاندربل گیا۔ وفود نے بھارتی فورسز کے ہاتھوں شہید ہونے والے نوجوانوں کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا۔