Live Updates

مسلم لیگ( ن) کا چیئرمین نیب کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا فیصلہ

احتساب کے نام پر انتقامی کارروائیاں قابل قبول نہیں‘چیئرمین نیب کے معاملے پر پیچھے نہیں ہٹیں گے-نوازشریف کی زیرصدارت مسلم لیگ نون کی مرکزی مجلس عاملہ کا اجلاس

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعہ 11 مئی 2018 14:59

مسلم لیگ( ن) کا چیئرمین نیب کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا فیصلہ
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔11 مئی۔2018ء) مسلم لیگ( ن) کی مرکزی مجلس عاملہ اجلاس میں چیئرمین نیب کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔نوازشریف کی زیرصدارت مسلم لیگ ن کی مرکزی مجلس عاملہ اجلاس میں مسلم لیگ( ن) کے صدر شہباز شریف ، راجہ ظفر الحق ،سردار مہتاب ، ایاز صادق ،مریم نواز، مریم اورنگزیب ، سعد رفیق ، مشاہد حسین ، راجہ فاروق حیدر ،برجیس طاہر ، پرویز رشید ، چوہدری شیر علی ، عشرت اشرف ، رانا ثنااللہ اور دیگر نے شرکت کی۔

مرکزی مجلس عاملہ اجلاس میں مسلم لیگ( ن) کی جانب سے الیکشن کے لیے پارلیمانی بورڈ ، الیکشن سیل،منشور کمیٹی کی تشکیل کا فیصلہ کیا گیا۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں چیئرمین نیب کے نوازشریف پر منی لانڈرنگ کےالزام کی مذمت کی گئی۔

(جاری ہے)

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم نوازشریف نے کہا کہ احتساب کے نام پر انتقامی کارروائیاں قابل قبول نہیں۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ اجلاس کے دوران نوازشریف نے چیئرمین نیب کی وضاحت کو ایک بار پھر مسترد کردیا اور کہا کہ نیب متعصب اور جانبدار ادارہ ثابت ہو چکا،چیئرمین نیب نے معافی نہ مانگی تو قانونی آپشن موجود ہیں۔قبل ازیں احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے نوازشریف نے کہا کہ آمروں کے دور میں ایسا نہیں دیکھا جو اب ہو رہا ہے، اس سے زیادہ حالات کیا خراب ہوں گے، آج سی ای سی کا اجلاس اسی لیے بلایا ہے۔

نواز شریف نے کہا کہ چیئرمین نیب کے معاملے پر پیچھے نہیں ہٹیں گے، یہ چھوٹا نہیں کافی سنجیدہ معاملہ ہے۔ہم نے سی ای سی کا اجلاس بلایا ہے جس کامقصد چیئرمین نیب کامعاملہ زیر بحث لاناہے،موجودہ حالات پر گزشتہ روز وزیراعظم سے بات ہوئی۔انہوں نے کہا کہ جویہ سب کررہے ہیں ان کاکام ہے کہ وہ ملک سے متعلق سوچیں،مجھے وزارت عظمیٰ سے محروم کیا گیا اور پارٹی صدارت سے تاحیات نااہلی کا فیصلہ بھی صادر کردیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ نیب کے طرف سے حالیہ پریس ریلیز کو سنجیدگی سے لے رہے ہیں، اجلاس کا مقصد چیئرمین نیب والا معاملہ زیر بحث لانا ہے، یہ معاملہ چھوٹا نہیں ہے بلکہ بہت سنگین معاملہ ہے۔نواز شریف نے کہا کہ اس سے زیادہ حالات اور کتنے گھمبیر ہونگے، جو یہ سب کر رہے ہیں راستہ بھی انھوں نے ہی نکالنا ہے، پارٹی صدارت سے مجھے فارغ کیا اور تاحیات نا اہل کیا گیا، کبھی مارشل لا کے دور میں بھی ایسا نہیں ہوا۔

واضح رہے نوازشریف کی زیر صدارت مسلم لیگ (ن )کی سنٹرل ایگزیکٹوکمیٹی کا اجلاس آج ہو گا۔احتساب عدالت میں پیشی کے بعد سابق وزیراعظم نواز شریف پنجاب ہاﺅس پہنچیں گے۔ اجلاس میں وفاقی وزرا اور مسلم لیگ( ن) کے اہم راہنما شرکت کریں گے۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں ملکی سیاسی صورتحال اور مستقبل کی حکمت عملی پر غور کیا جائے گا،نون لیگ کے آئندہ کے لائحہ عمل اور انتخابی مہم کے بارے میں بھی بات ہو گی ،اس کے علاوہ وزیراعظم فاٹا اصلاحات پر پارلیمانی لیڈرز سے ہوئی ملاقات پربریفنگ دیں گے۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات