پاکستان کی جانب سے امریکی سفارت کاروں پر پابندی عائد کرنے کی حمایت کرتے ہیں، سینیٹرسراج الحق

،پاکستان ایک آزاد ملک ہے امریکہ کے ساتھ برابری کی بنیاد پر تعلقات چاہتے ہیں،متحدہ مجلس عمل کا بنیادی مقصد سیاست کو جاگیرداروں سے چھین کر غریبوں میں لے آناہے، امیر جماعت اسلامی پاکستان و مرکزی سینئر نائب صدر ایم ایم اے

ہفتہ 12 مئی 2018 22:55

پاکستان کی جانب سے امریکی سفارت کاروں پر پابندی عائد کرنے کی حمایت ..
کوئٹہ، لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 مئی2018ء) امیر جماعت اسلامی پاکستان اور مرکزی سینئر نائب صدر متحدہ مجلس عمل پاکستان سینیٹرسراج الحق نے کہاہے پاکستان کی جانب سے امریکی سفارت کاروں پر پابندی عائد کرنے کی حمایت کرتے ہیں ،پاکستان ایک آزاد ملک ہے امریکہ کے ساتھ برابری کی بنیاد پر تعلقات چاہتے ہیں نا کہ غلام اور آقا کے طرز پرسیاسی وعسکری قیادت میں تنائو سے متعلق وزیر دفاع سے پوچھاجائے ۔

متحدہ مجلس عمل کا بنیادی مقصد سیاست کو جاگیرداروں سے چھین کر غریبوں میں لے آناہے ،بلوچستان کا سب سے بڑا مسئلہ پانی اور بے روزگاری کا ہے ،چیف جسٹس کہاں کہاں جائیںگے ،کوئٹہ ہو یا پھر پشاور اور کراچی سمیت ملک کے دیگر شہر وں میں پورا آوے کا آوا ہی بگڑا ہواہے ،متحدہ مجلس عمل کا قیام ظالم جاگیرداروں اور کرپٹ سرکار کیخلاف ہے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کااظہار انہوں نے جماعت اسلامی کوئٹہ کے صوبائی دفتر میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر جماعت اسلامی بلوچستان کے امیر مولاناعبدالحق ہاشمی ،زاہدا ختر بلوچ ،مولاناہدایت الرحمن ،مولاناعبدالکبیر شاکر ،جمعیت علماء اسلام کے رہنماء اور سابق اسپیکراسمبلی سید مطیع اللہ آغا ،مجلس وحدت المسلمین کے رہنما علامہ جمعہ اسدی ،جمعیت علماء پاکستان کے صوبائی صدرمولانا عبدالقدوس ساسولی ،مجلس تحفظ ختم نبوت کے رہنما مولاناانوارالحق حقانی ،عبدالولی خان شاکر ودیگر بھی موجود تھے۔

سینیٹرسراج الحق نے کوئٹہ میں پیش آنے والے حالیہ واقعات ،ٹارگٹ کلنگ کی مذمت کی اور کہاکہ اربوں روپے سیکورٹی کیلئے مختص ہوتے ہیں لیکن اس کے باوجود بھی کوئٹہ شہر میں امن وامان کا قیام عمل میں نہیں لایاجاسکا۔ ،انہوں نے کہاکہ 13مئی کو مینار پاکستان پر متحدہ مجلس عمل کا جلسہ عام تاریخی ہوگا جس میں آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کیاجائے گا انہوں نے دعویٰ کیاکہ آئندہ انتخابات میں متحدہ مجلس عمل مد مقابل تمام جماعتوں کو شکست فاش سے دو چار کریگی۔

انہوں نے کہاکہ گزشتہ دو عشروں سے حکومت میں رہنے والی سیاسی جماعتوں کا کردار اور طرز سیاست عوام پر عیاں ہوچکاہے ۔ متحدہ مجلس عمل کا ایک بھی رہنماء اور عہدیدار نیب زدہ نہیں ہے نہ ہی کوئی کرپشن میں ملوث ہے ۔ انہوں نے کہاکہ کوئٹہ میں حالیہ واقعات میں 23افراد لقمہ اجل بنے ہیں لیکن حکومت نے افسوسناک واقعات کی روک تھام کیلئے کسی قسم کا کردارادانہیں کیا انہوں نے کہاکہ بلوچستان کے بڑے مسائل میں پانی کی قلت اور بے روزگاری شامل ہے یہ صوبہ معدنیات سے مالامال ہے لیکن کرپٹ قیادت کی وجہ سے سب سے زیادہ غربت اور بے روزگاری بلوچستان میں ہی موجود ہے۔

انہوں نے کہاکہ بین الاقوامی اداروں کے سروے کے مطابق سب سے زیادہ بے روزگاری بلوچستان میں ہے ۔ سب سے زیادہ بچے بھی بلوچستان میں ہی سکولوں سے باہر ہیں عوام کو تعلیم ،علاج اور دیگر ضروریات زندگی تک میسر نہیں ۔ امیر جماعت اسلامی کاکہناتھاکہ پاکستان کی جانب سے امریکی سفارت کاروں پر عائد کئے جانے والی پابندیوں کی ہم حمایت کرتے ہیں اور چاہتے ہیں کہ دنیا کے تمام ممالک کے ساتھ پاکستان کے برابری کی بنیاد پر تعلقات قائم ہوں ۔

امریکہ ایک ایسا ملک ہے جس پرکبھی اعتماد نہیں کیا جاسکتاامریکہ نے ہمیشہ پاکستان کو دھوکے میں رکھاہے انہوں نے کہاکہ ملکی خارجہ پالیسی میں بہت زیادہ نقائص اور بڑی دراڑیں موجود ہیں پہلے تو 4سال تک ملک کا وزیر خارجہ نہیں تھا جب خواجہ آصف کو وزیر خارجہ بنادیاگا تو وہ عدالت کے ذریعے نااہل ہوگیاہے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ خرم دستگیر کووزیردفاع کے ساتھ پاکستان کا وزیر خارجہ بھی بنادیاگیاہے ۔

انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی حکومت سے خیبرپشتونخوامیں اس لئے علیحدہ ہوئے کیونکہ متحدہ مجلس عمل بننے کے بعد ہم اخلاقی طور پر حکومت کا حصہ رہنے کو صحیح نہیں سمجھتے تھے۔ دریں اثناء جماعت اسلامی کے امیر سنیٹرسراج الحق نے جماعت اسلامی کوئٹہ کے امیر مولاناعبدالکبیر شاکر کی والدہ کے انتقال پر ان سے تعزیت کی اور مرحومہ کی مغفرت درجات کی بلندی اور پسماندگان کیلئے صبر جمیل کی دعاکی ۔