تحریک آزادی کشمیر کے تناظر میں نوجوانوں کا بڑا اہم کردار ہے‘عبداللہ گل

مقبوضہ ریاست جموں و کشمیر میں بھارت کی طرف سے ناجائز اور جابرانہ قبضہ کے خلاف آزادکشمیر کے یونیورسٹیوں کے طلباء و طالبات دستخطی مہم شروع کرکے اقوام متحدہ کے مبصرین کے پاس دستاویز جمع کروائیں

جمعرات 17 مئی 2018 12:53

کوٹلی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 مئی2018ء) چیئر مین تحریک نوجوانان پاکستان و آزادکشمیر عبداللہ گل نے کہا ہے کہ مقبوضہ ریاست جموں و کشمیر میں بھارت کی طرف سے ناجائز اور جابرانہ قبضہ کے خلاف آزادکشمیر کے یونیورسٹیوں کے طلباء و طالبات دستخطی مہم شروع کرکے اقوام متحدہ کے مبصرین کے پاس دستاویز جمع کروائیں ۔ یونیورسٹیوں اور کالجوں کے طلباء و طالبات مقبوضہ جموں و کشمیر میں ہونے والے انتہا پسندی کے واقعات کو سوشل میڈیا کے ذریعے بین الاقوامی دنیا کے سامنے بھارت کا مکرو ہ چہرہ بے نقاب کریں ۔

تحریک آزادی کشمیر کے تناظر میں نوجوانوں کا بڑا اہم کردار ہے اس کردار کو سب سے زیادہ نمایاں ہونا چاہیے اور پوری ذمہ داری کے ساتھ ہمیں مقبوضہ کشمیر کے نہتے عوام کے حق خودارادیت کے حصول کے لیے تمام تر توانیاں استعمال کرنی چاہیں ۔

(جاری ہے)

بھارت نے گزشتہ 70 سالوں سے مقبوضہ ریاست جموں و کشمیر میں ظلم و بربریت کا جو بازار گرم کر رکھا ہے اس کی مثال دنیا میں کہیں نہیں ملتی ۔

اقوام متحدہ بین الاقوامی انسانی حقوق کی علمبردار تنظیم اور عالمی طاقتوں کی طرف سے مقبوضہ ریاست جموں و کشمیر اور فلسطین کے مسلمانوں پر ہونے والے مظالم نہایت افسوس ناک بات ہے امت مسلمہ کو اپنے تشخص کے دفاع کے لیے اتحاد و اتفاق کا عملی مظاہرہ کرنا چاہیے ۔ان خیالات کا ظہار انھوں نے یونیورسٹی آف کوٹلی میں ِ-'' کشمیر توجہ چاہتا ہے '' کے موضوع پر منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

سیمینار کا انعقاد یونیورسٹی کے ڈیپارٹمنٹ آف فزکس اور سٹوڈنٹ کونسل کے زیر اہتمام کیا گیا سیمینار کی صدارت ڈین فیکلٹی آف ایڈ منسٹر یٹو سائنس ڈاکٹر مشتاق اے ساجد نے کی ۔ سیمینار میں ڈین آف فیکلٹی سائنس ڈاکٹر اسد شاہ ، ڈی ایس اے لیاقت حسین ، چیئر مین ڈیپارٹمنٹ آف فزکس ڈاکٹر نثار تنویر سوسائٹی آف سٹوڈنٹس کونسل ڈاکٹر شبیر یونیورسٹی کے دیگر فیکلٹی کے چیئر مین ،ممبران ، پروفیسر حضرات طلباء و طالبات نے کثیر تعداد میں شرکت کی آرگنائزکمیٹی کے حمزہ ملک ،مسعود علی غلام ، عمارہ حبیب ملک ، سعیدہ افنعان ، زہرہ ، نور الامین ، ثوبیہ رفیق ، وقار شمائل نے سیمینار کے زبر دست انتظام کر رکھے تھے ۔

سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے چیئر مین تحریک نوجوانان پاکستان و کشمیر عبداللہ گل نے کہا کہ تحریک آزادی کشمیر اس وقت نہایت ہی نازک اور مشکل دور سے گزر رہی ہے بھارت کی ظالم او ر جابر افواج ایک طرف مقبوضہ ریاست جموں و کشمیر اور دوسری طرف ایل او سی پر آئے روز نہتے شہریوں کو ظلم و بربریت کا نشانہ بنا رہی ہے۔ بھارت تحریک حق خودارادیت کو طاقت کے بل بوتے دبانا چاہتا ہے اور مقبوضہ ریاست میں نوجوانوں پر پلیٹ گن کا استعمال کرکے نوجوانوں کو نشان عبرت بنا رہا ہے جس کے خلاف ریاست کے نوجوانوں اور بالخصوص یونیورسٹیوں اور کالجوں کے طلباء و طالبات ، پرنٹ و الیکٹرنک اور سوشل میڈیا کے ذریعے بھارت کے مظالم کو دنیا بھر میں بے نقاب کرنا ہو گا تب جا کر کشمیریوں بین الاقوامی دنیا میں پزیرائی ہو سکتی ہے ۔

نوجوان تحریک آزادی کشمیر کی کامیابی کے لیے موثر کردار ادا کریں تو مقبوضہ ریاست جموں و کشمیر کو بھارت کے پنجہ استبداد سے نجات دلا نے میں جلد مدد مل سکتی ہے ۔ انھوں نے کہا کہ تحریک آزادی کشمیر کے مسئلہ پر ہمیں تمام سیاسی اختلافات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے متحد و منظم ہو کر جد و جہد کرنا ہو گی۔ تحریک پاکستان میں نوجوانوں اور بالخصوص طلباء و طالبات کا بڑا مثبت رول تھا آج اسی رول کی تحریک آزادی کشمیر کی ضرورت ہے ۔

عبداللہ گل نے سیمینار کے انعقاد پر آرگنائز حمزہ ملک سمیت یونیورسٹی کے وائس چانسلر ، فیکلٹی ممبران ، پروفیسر حضرات ، طلباء و طالبات کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور کشمیر دونوں لازم و ملزوم ہیں انہیں دنیا کی کوئی طاقت جدا نہیں کر سکتی ۔ انشا اللہ مقبوضہ کشمیر بہت جلد آزاد ہو گا اورکشمیری عوام بھی آزادی کی نعمت سے سرفراز ہوں گے ۔انھوں نے نوجوانوں سے کہا کہ وہ بھارتی فلموں اور بھارتی مصنوعات کا مکمل بائیکاٹ کرتے ہوئے دنیا کو باور کروائیں کہ بھارت کشمیری عوام کا دشمن ہے جب تک وہ مقبوضہ کشمیر سے جابرانہ تسلط ختم نہیں کر لیتا کشمیر اپنی آزادی کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے ۔