حریت رہنمائوں نے رمضان میں بھارتی جنگ بندی کے اعلان کو نمائشی اقدام قراردیدیا

مصنوعی اقدامات اس وقت موثر ثابت نہیں ہو سکتے جب تک تنازعہ کشمیر کے حل کیلئے جامع منصوبہ وضع نہیں کیاجاتا،سیمینار سے خطاب ْحریت قیادت کی (آج) مقبوضہ کشمیرمیں فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے پرامن مظاہروں کی کال

جمعرات 17 مئی 2018 18:00

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 مئی2018ء) مقبوضہ کشمیر میں سینئر حریت رہنمائوں میر واعظ عمرفاروق ، محمد اشرف صحرائی اور محمد یاسین ملک نے بھارت کی طرف سے کشمیرمیں رمضان المبارک کے دوران جنگ بندی کے اعلان کو ایک نمائشی اقدام قراردیا ہے ۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق حریت رہنمائوںنے آج سرینگر میں ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ مصنوعی اقدامات اس وقت موثر ثابت نہیں ہو سکتے جب تک کہ تنازعہ کشمیر کے حل کیلئے جامع منصوبہ وضع نہیں کیاجاتا۔

سیمینار کا اہتمام میر واعظ عمرفاروق کی سربراہی میں قائم فورم نے معروف شہید آزادی پسند رہنمائوں میرواعظ مولوی محمد فاروق ، خواجہ عبدالغنی لون اور شہدائے حول کوخراج عقیدت پیش کرنے کیلئے کیاتھا۔

(جاری ہے)

محمد اشرف صحرائی نے سرینگر میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ کیا رمضان میں جنگ بندی کامطلب یہ ہے کہ بھارت عید الفطر کے بعد نہتے کشمیریوں کا قتل عام دوبارہ شروع کر دے گا۔

مشترکہ حریت قیادت نے اپنے فلسطینی بھائیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے کل نماز جمعہ کے بعد پر امن مظاہروں کی کال دی ہے ۔ حریت قیادت نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں اسرائیلی فورسز کے ہاتھوں بڑے پیمانے پر فلسطینیوں کے قتل عام کو انسانیت پر وحشیانہ حملہ قراردیا ۔ انہوںنے کشمیر اور فلسطین کے دیرینہ تنازعات کو اقوام متحدہ کے متفقہ اصولوں کے مطابق پر امن طورپر حل کرنے کیلئے عالمی ادارے کو کردار ادا کرنے پر زوردیا۔

بھارتی پولیس نے محمد یاسین ملک کو حیدرپورہ سرینگر میں سیدعلی گیلانی کی رہائش گاہ پر مشترکہ حریت قیادت کے اجلاس میں شرکت کے بعد گھر جاتے ہوئے گرفتار کرلیا۔ادھرکٹھ پتلی انتظامیہ نے ہفتہ کے روز بھارتی وزیر اعظم کے کشمیر کے دورے سے قبل پورے مقبوضہ علاقے میں سخت پابندیاںنافذ کر دی ہیں۔ بھارتی پولیس اور سینٹرل ریزروپولیس فورس کی بڑی تعداد کو پورے مقبوضہ علاقے خاص طورپر جموںاورسرینگر کے شہروںمیں تعینات کیاگیا ہے ۔

بھارتی فوج متعدد علاقوںمیں گشت بھی کر رہی ہے ۔اسلام آبادقصبے کی ایک عدالت نے دختران ملت کی علیل سربراہ آسیہ اندرابی اور انکی ساتھیوں ناہیدہ نسرین اور فہمیدہ صوفی کے پولیس ریمانڈ میں دس دن کی توسیع کر دی ہے ۔ جموںوکشمیر ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی نے سرینگرمیں جاری ایک بیان میں کہاہے کہ نریندر مودی کی قیادت میں بھارتی حکومت اور اسکی مقامی کٹھ پتلیوں نے مقبوضہ علاقے کو قتل گاہ میں تبدیل کردیا ہے ۔