بھارت کا غیر ذمہ دارانہ رویہ ایشیاء میں کسی بڑے سانحے کو جنم دے سکتا ہے‘عزیز الرحمن چن

جمعہ 18 مئی 2018 16:13

بھارت کا غیر ذمہ دارانہ رویہ ایشیاء میں کسی بڑے سانحے کو جنم دے سکتا ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 مئی2018ء) پاکستان پیپلز پارٹی لاہور کے صدر حاجی عزیز الرحمن چن نے بھارتی فوج کی آئے روز ورکنگ بانڈری پر بلااشتعال فائرنگ پر شدید ردِ عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کا غیر ذمہ دارانہ رویہ ایشیاء میں کسی بڑے سانحے کو جنم دے سکتا ہے۔ اپنے جاری کردہ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ بھارت ایک قابض اور غاصب ملک ہے جس نے سیکولر ازم کا لبادہ اوڑھ رکھا ہے اور ریاستی دہشت گردی کے ذریعے کشمیریوں کے حقوق غصب کررکھے ہیں۔

لیکن کشمیری عوام حق خودارادیت حاصل کرکے رہیں گے۔ مسئلہ کشمیر کا جلد از جلد حل ناگزیر ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت عالمی برادری کو گمراہ کرنے کی کوشش کررہا ہے، کشمیر ڈیڑھ کروڑ سے زائد انسانوں کے بنیادی حقوق سلب کرنے کا مسئلہ ہے، عالمی برادری نے اقوام متحدہ کی سکیورٹی کونسل کے ذریعے کشمیریوں کو ان کا بنیادی حق دینے کا وعدہ کیا ہے وہ پورا کرانے کے لئے موجودہ حکومت خاطر خواہ اقدامات نہیں کر سکی۔

(جاری ہے)

پٴْرامن لوگوں کو گولیوں کا نشانہ بنایا جانا، سیاسی رہنماؤں کی گرفتاریاں و نظربندیاں اور معصوم بچوں کا پبلک سیفٹی ایکٹ اور دیگر کالے قوانین کا اطلاق بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔ کشمیری عوام گزشتہ 69 برس سے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے تحت اپنی آزادی کے لئے جد وجہد کر رہے ہیںاور اپنا حق مانگ رہے ہیںلیکن بھارت قتل و غارت جبر اور ظلم و ستم کے ذریعے کشمیری قوم کو خاموش کرانے کی کوشش کر رہا ہے اور اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد نہیںکر رہا۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے سب سے پہلے تاریخ میںپہلی مرتبہ مسئلہ کشمیر کو اجاگر کیا۔سلامتی کونسل میں بحیثیت وزیر خارجہ ذوالفقار علی بھٹو نے مسئلہ کشمیر کے حوالے سے کشمیری عوام کی نمائندگی کی۔ پیپلز پارٹی نے زبانی اور عملاً مسئلہ کشمیر کو اجاگر کیا اور ذوالفقار علی بھٹو نے کشمیر کیلئے 1000 سال تک لڑنے کا اعلان کیا۔