ایٹمی پروگرام کے حقیقی معمار ذوالفقار علی بھٹو اور غلام اسحاق خان ہیں، صاحبزادہ حامد رضا

نواز شریف کو عوام اور فوج نے ایٹمی دھماکے کرنے پر مجبور کیا،جے یو آئی کے کارکنوں کا خیبر پختونخواہ اسمبلی پر حملہ جمہوریت پر حملہ ہے،چیئرمین سنی اتحاد کونسل

پیر 28 مئی 2018 22:51

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 مئی2018ء) سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین اور نظام مصطفے متحدہ محاذ کے سیکریٹری جنرل صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ ایٹمی پروگرام کے حقیقی معمار ذوالفقار علی بھٹو اور غلام اسحاق خان ہیں۔ نواز شریف کو عوام اور فوج نے ایٹمی دھماکے کرنے پر مجبور کیا۔ جے یو آئی کے کارکنوں کا خیبر پختونخواہ اسمبلی پر حملہ جمہوریت پر حملہ ہے۔

قبائلی علاقوں کے سوا کروڑ عوام کو ڈیڑھ سو سال بعد پاکستانیت مل جانا خوش آئند ہے۔ قوم ن لیگ کے سیاہ دور کے خاتمے پر یکم جون کو جشن منائے گی۔ شریف برادران کا غرور اور تکبر خاک میں مل چکا ہے۔ امیدواروں کی عدم دلچسپی کی وجہ سے ن لیگ کو درخواستیں وصول کرنے کی تاریخ بڑھانا پڑی ہے۔ کوئی قابل ذکر امیدوار ن لیگ کا ٹکٹ لینے کے لئے تیار نہیں۔

(جاری ہے)

متحدہ مجلس عمل ن لیگ کی بی ٹیم ہے۔ کشن گنگا ڈیم پاکستان کو پیاسا مارنے کی بھارتی سازش ہے۔ حکومت نے بھارت کی آبی دہشت گردی روکنے کے لئے کچھ نہیں کیا۔ ن لیگ کی ناکام اور نااہل حکومت کے پانچ سال ناکامیوں کی داستان ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکزی دفتر میں سنی اتحاد کونسل کے امیدواروں کے ایک مشاورتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ جے یو آئی نے خیبر پختونخواہ اسمبلی پر حملہ کر کے فسطائیت کا مظاہرہ کیا ہے۔ نگران حکومت بنتے ہی ن لیگ کی طبعی عمر پوری ہو جائے گی۔ نیب پنجاب کے نمائشی منصوبوں کی تحقیقات کروائے۔ سستی روٹی سکیم، دانش سکولز، نندی پور پروجیکٹ میں لمبا مال کمایا گیا۔ شہباز شریف کی کارکردگی شوبازی تک محدود ہے۔ چھ ماہ میں لوڈ شیڈنگ ختم کرنے کا دعوی پانچ سالوں میں بھی پورا نہیں ہو سکا۔ کشکول توڑنے کے دعویداروں نے قرض لینے کے اگلے پچھلے سارے ریکارڈ توڑ دیئے ہیں۔ ن لیگ کو الیکشن میں عبرت ناک شکست ہو گی۔ فوج اور عدلیہ کے خلاف نفرت انگیز مہم چلانے والے پاکستان کے دوست نہیں دشمن ہیں۔