Live Updates

عمران خان اور بلاول زرداری حلقہNA-248/249 میں میرے ساتھ مقابلہ کریں انہیں عوام میں اپنی حیثیت کا اندازہ ہوجائے گا، بلال اعجاز شفیع

ہفتہ 2 جون 2018 16:41

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 جون2018ء) پاکستان مسلم لیگ(ن) کے مرکزی رہنما اور کراچی سے قومی اسمبلی کے حلقے NA-239 سے دو بار رکن قومی اسمبلی منتخب ہونے والے میاں اعجاز شفیع مرحوم کے صاحبزادے میاں بلال اعجاز شفیع نے بلاول زرداری کا مقابلہ کرنے کی اجازت کے لئے قیادت سے درخواست کرتے ہوئے کہا ہے کہ میرے قائد میاں نواز شریف کا مقابلہ کرنے کے خواب دیکھنے والے عمران خان اور بلاول زرداری حلقہNA-248/249 میں میرے ساتھ مقابلہ کریں انہیں عوام میں اپنی حیثیت کا اندازہ ہوجائے گا․ پاکستان مسلم لیگ(ن) کراچی کے شہری پاکستان کے سب سے بڑے شہر کو امن کا تحفہ دینے والے میاں محمد نواز شریف کو دوبارہ بر سر اقتدار دیکھنے کے لئے بے چین ہیں․ بلاول زرداری ہوں یا عمران خان کراچی کے ووٹر انہیں تاریخی شکست دے کر ثابت کریں گے کہ میاں محمد نواز شریف ہی کراچی سمیت پاکستان کے عوام کے حقیقی رہنما ہیں․ پاکستان مسلم لیگ(ن) کے مرکزی رہنما میاں بلال اعجاز شفیع نے کراچی کے ضلع غربی سے مسلم لیگ(ن) کے سینئر رہنمائوں اور عمائدین کے ایک وفد کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے قائد میاں نواز شریف اور مرکزی صدر میاں شہباز شریف سے درخواست کی ہے کہ انہیں عمران خان اور بلاول زرداری کا مقابلہ کرنے کی اجازت دی جائی․ اپنے والد مرحوم اعجاز شفیع کی طرح ضلع غربی سے تعلق رکھنے والے میاں محمد نواز شریف کے چاہنے والوں کی محبت کی قوت سے پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف کو بد ترین شکست سے دوچار کروں گا․ میاں بلال اعجاز شفیع نے کہا کہ ذاتی خواہشات کے برعکس قائد نواز شریف کا کوئی سا فیصلہ بھی میرے لئے حکم کا درجہ رکھتا ہی․ قیادت جو فیصلہ بھی کرے گی میں دامے درمے سخنے قائد محمد نواز شریف کے فیصلوں کی پابندی کروں گا․ میاں بلال اعجاز شفیع نے تجویز دی کہ پاکستان مسلم لیگ(ن) کے کراچی میں مضبوط ترین انتخابی حلقے NA-248/249 سے محترمہ مریم نواز شریف اور میاں محمد نواز شریف انتخاب میں حصہ لیں اور عوام کی ٹھاٹھیں مارتی محبت اور عقیدت سے کامیابی حاصل کر کے کراچی سے کشمور تک سندھ کے باشندوں کی محرومیوں کے ازالے کا آغاز کریں․
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات