بھارت ، سیز فائر معاہدے کے بعد نہتے کشمیریوں پر ظلم کے پہاڑ توڑنے لگا

معصوم کشمیری مظاہرین کوگولی کی بجائے فوجی گاڑی تلے روند ڈالا، کچل کر شہید کرنے کی وڈیو نے پوری دنیا کو دہلا کر رکھ دیا ہجوم کے گاڑی کو گھیرنے کے سبب جان بچانے کے لئے مظاہرین کو روندنا پڑا،بھارتی فوجی حکام

ہفتہ 2 جون 2018 20:56

سری نگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 02 جون2018ء) بھارت نے سیز فائر معاہدے کے بعد نہتے کشمیریوں پر ظلم کے مختلف طریقے آزمانا شروع کر دئیے، نہتے معصوم کشمیری مظاہرین پر گولی نہ چلائی تو فوجی گاڑیوں کے تلے روند کر شہید کرنے کے مناظر دیکھنے میں آئے،گاڑی تلے کچل کر شہید کرنے کی وڈیو نے پوری دینا کو دہلا کر رکھ دیا،ہجوم کے گاڑی کو گھیرنے کے سبب جان بچانے کے لئے مظاہرین کو روندنا پڑا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں بھارتی فوج کے مظالم آئے روز ذرائع ابلاغ کی زینت بنتے ہیں۔ ایک تازہ واقعے کی تصاویر نے پوری دنیا کو ہلا کر رکھ دیا ہے جن میں فوج کی ایک بکتر بند گاڑی کو نہتے مظاہرین پر چڑھائی کرتے اور انہیں روندے دکھایا گیا ہے۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق کشمیر میں بھارتی فوج کی بکتر بند گاڑی کے پہیوں تلے کچلے جانے سے کم سے چھ نہتے کشمیری مظاہرین زخمی ہو گئے۔

دوسری جانب بھارتی فوجی حکام کا کہنا ہے کہ مظاہرین کے ایک مشتعل ھجوم نے فوجیوں کی گاڑی کو گھیرے میں لے لیا اور وہ اس میں سوار فوجیوں پر حملے کے لیے آگے بڑھنا چاہتے تھے جس پر فوجیوں کو مظاہرین کے اوپر سے گاڑی بھگانا پڑی۔بھارتی فوج کے ترجمان سنجے شرما نے کہا کہ جب مشتعل ھجوم نے گاڑی کو گھیرے میں لیا تو ہمارے فوجیوں نے حد درجہ ضبط نفس سے کام لیا، جب انہیں اپنی زندگی خطرے میں محسوس ہوئی تو انہیں وہاں سے گاڑی سمیت نکلنے کے سوا کوئی چارہ نہیں تھا۔

ترجمان نے اس مجرمانہ واقعے کو سند جواز فراہم کرنے کے لیے مظاہرین پر فوجیوں کو خطرے میں ڈالنے کا الزام عاید کیا اور کہا کہ فوجی گاڑی کے اہلکاروں کے پاس تیزی کے ساتھ وہاں سے نکلنے کے سوا کوئی راستہ نہیں تھا۔مظاہرین کو گاڑی تلے روندے جانے کے لرزہ خیز واقعات کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئیں جس کے بعد بھارتی فوج کے خلاف غم وغصے کی نئی لہر دوڑ گئی۔اس موقع پر امریکی خبر رساں ادارے’ایسوسی ایٹڈ پریس‘ کے فوٹو گرافر نے مظاہرین کو گاڑی تلے روندے جانے کی تصاویر بنائیں۔عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ مقبوضہ کشمیر کے دارالحکومت سری نگر میں نماز جمعہ کے بعد پیش آیا جب شہریوں کی بڑی تعداد بھاری قبضے کے خلاف نعرے لگاتے ہوئے سڑکوں پر نکل آئی تھی۔