بھارتی فورسزکی گاڑیوں کے نیچے کچل کر نوجوانوں کو شہید کرنا بھارت کا نیا ہتھیاربن گیا ہے ، یاسین ملک

منگل 5 جون 2018 11:36

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 جون2018ء) جموںوکشمیرلبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک نے کہا ہے کہ بھارت کا ظلم و جبر بے دردی کے ساتھ ہم سے ہمارے اٴْبھرتے ہوئے پھول چھین رہا ہے اورکشمیری نوجوانوں کو فوجی گاڑیوں کے نیچے کچل کر شہید کردینا اب بھارت کے ظلم و جبرکا نیا ہتھیار بن چکا ہے۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق محمد یاسین ملک نے ان خیالات کا اظہار نوہٹہ میں بھارتی فورسز کی گاڑی کی ٹکر سے شہید ہونیوالے کشمیر ی نوجوان قیصر بٹ کے اہلخانہ سے ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کیا۔

انہوںنے کہاکہ بھارتی فورسز کی گاڑیوںکی ٹکر سے کشمیری نوجوان کو شہید کردینا اب بھارت کا کشمیرمیں نیاہتھیار بن چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آنسو گیس ، گولیوں اور پیلٹ گنوں سے کشمیریوں کو تہہ و تیغ کرنے کے بعد اب بھارتی استعمار نے نہتے کشمیری کو اپنی فوجی گاڑیوں کی زد میں لاکر شہید کرنے کا نیا سلسلہ شروع کیا ہے اور ایسا کرتے ہوئے یہ فورسز کوئی عار یا شرم بھی محسوس نہیں کرتی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کشمیر میں بھارتی ظلم وجبراورقتل عام کی کارروائیاں اپنی انتہا کو پہنچ چکی ہیں اور اس کی تمام ترذمہ داری بھارت اور اسکی مقامی کٹھ پتلیوں خاص طور پر کٹھ پتلی انتظامیہ پر عائد ہوتی ہے جنہوں نے مقبوضہ علاقے میں کالے قوانین رائج کر کے بھارتی فورسز کو بے لگام چھوڑ رکھا ہے۔ یاسین ملک نے کہا کہ قیصر اپنے کنبے کے واحد کفیل تھا اور اس کے اہلخانہ کی کفالت کرنے والا کوئی نہیں۔

انہوںنے افسوس ظاہر کیاکہ ہزاروں کشمیری مختلف جیلوں میں نظربند ہیں جبکہ رمضان المبارک کے دوران میںبھی پورے کشمیر میں چھاپوں، گرفتاریاں، چادر اور چار دیواری کی بے حرمتی بھارتی فورسز کا روز کا معمول بن چکا ہے جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔ اس موقع پر یاسین ملک کے ہمراہ بشیر احمد کشمیری اور الطاف خان بھی موجود تھے۔ ادھر حریت رہنماء محمد یوسف نقاش بھی قیصر بٹ کے اہلخانہ سے اظہار یکجہتی کیلئے سرینگر کے علاقے ڈلگیٹ گئے۔

اس موقع پر انہوںنے سوگواران سے خطاب کرتے ہوئے بھارتی فورسز کی گاڑی کی ٹکر سے ایک اور کشمیری نوجوان کے قتل کی مذمت کی۔ انہوںنے کہاکہ ایک طرف توبھارت عالمی برادری کو گمراہ کرنے کیلئے جنگ بندی کے کھوکھلے دعوئے کررہاہے جبکہ دوسری طرف کشمیری نوجوانوںکو بے رحمی سے قتل کیاجارہا ہے۔ انہوںنے انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں سے مقبوضہ علاقے میں انسانی حقوق کی پامالیاں بندکرانے کیلئے بھارت پر دبائوبڑھانے کی اپیل کی۔ جموںوکشمیر ڈیموکریٹک پولیٹیکل موومنٹ کا ایک وفد بھی پارٹی کے جنرل سیکرٹری خواجہ فردوس وانی کی قیادت میں قیصر بٹ کے اہلخانہ سے ہمدردی اور یکجہتی کے اظہار کیلئے ڈلگیٹ گیا ۔