پی ڈی پی اور بی جے پی کی کٹھ پتلی انتظامیہ نے کشمیریوں کے خلاف ظلم و تشدد کی انتہاء کردی ہے ، یاسین ملک

بھارت نواز پی ڈی پی لیڈروں کے ساتھ ملاقات بارے میڈیا رپورٹس کی سختی سے تردید

جمعہ 8 جون 2018 13:19

سرینگر۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 جون2018ء) مقبوضہ کشمیرمیںجموںوکشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک نے کہاہے کہ بھارت نواز پی ڈی پی اور اس کی جماعت بی جے پی نے گزشتہ چار برس سے کشمیریوں کے خلاف ظلم و تشددکی انتہا کردی ہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق محمد یاسین ملک نے سرینگر میںجاری ایک بیان میںکہاکہ کٹھ پتلی انتظامیہ نے ان برسوں میں نہ صرف ہمارے سینکڑوں نوجوانوںکو شہیدکیا بلکہ ہزاروں کو زخمی اورنابینابھی بنایا جبکہ ہزاروں گھروں کو مسمارہزاروں لوگوں کو جیلوںمیںنظربند کرنے کے علاوہ چھاپوںکے دوران گھروںمیں لوٹ مار اور توڑ پھوڑ کر کے ظلم و تشدد کے تمام سابقہ ریکارڈ توڑ دیئے ہیں ۔

انہوںنے پی ڈی پی لیڈروںکے ساتھ انکی ملاقات کے بارے میں بھارتی میڈیا کی طرف سے پھیلائی جانیوالی خبروںکی سختی سے تردیدی کرتے ہوئے اس خبر کو پی ڈی پی اور اسکے بھارتی آقائوں کی جانب سے کشمیری عوام میں اپنی گری ہوئی ساکھ کی بحالی کیلئے ایک کوشش قرار دیا ہے جس کامقصد کشمیری عوام کے دل و دماغ میں شکوک وشبہات پیدا کرنا ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ اب جبکہ بھارت میں بھی الیکشن کا سال آچکا ہے اور پی ڈی پی اور اس کے بھارتی آقا اپنے گناہ دھونے اور عوام کے اندر اپنی گرتی ہوئی ساکھ کو بحال کرنے کی غرض سے مستند اور عوامی حلقوں میں مقتدر لوگوں کے ساتھ ملاقاتوں پر مبنی جعلی اور من گھڑت خبریں پھیلانے کا کام شروع کردیا ہے تاکہ انہیں ووٹوںکے حصول کیلئے لوگوں کے پاس جانے کا موقع نصیب ہوسکے۔

یاسین ملک نے کہا کہ وہ ذاتی طور پر چونکہ پی ڈی پی حکومت کی جابرانہ پالیسیوں کے خلاف صف اول میں رہے ہیں اور چونکہ آج تک انہوں نے بھارتی مذاکرات کاروں سے ملاقات بھی نہیں کی ہے اس لئے بھارت اور اسکی مقامی کٹھ پتلیوںنے ان کے خلاف ایک زہر آلود مہم چلانے کا آغاز کیا ہے۔