Live Updates

ٹکٹوں کی تقسیم نا منظور۔۔۔تحریک انصاف میں بغاوت

اہم رہنماؤں نے عمران خان کیخلاف الیکشن لڑنے کا اعلان کردیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 9 جون 2018 14:00

ٹکٹوں کی تقسیم نا منظور۔۔۔تحریک انصاف میں بغاوت
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 09 جون 2018ء) : عام انتخابات کے لیے ٹکٹ کی تقسیم کا اعلان کرتے اور فہرست جاری ہوتے ہی پی ٹی آئی اختلافات کا شکار ہو گئی ہے۔ پارٹی کی ٹکٹ تقسیم پر کئی اعتراضات اُٹھائے جا رہے ہیں، جبکہ پارٹی کے کئی کارکنان ناراض اور پارٹی اختلافات کی زد میں آ گئی ہے۔ ٹکٹ کی تقسیم میں پارٹی کے مرکزی رہنماؤں کو نظر انداز کیے جانے پر بھی کئی کارکنان سیخ پا ہیں اور انہوں نے اپنے پسندیدہ پارٹی رہنما کے علاوہ کسی اور رہنما کی انتخابی مہم نہ چلانے کا بھی اعلان کر دیا ہے۔

پی ٹی آئی چئیرمین عمران خان کے آبائی حلقے سے بھی بغاوت سامنے آگئی ۔ عائلہ ملک اوتر نوابزادہ ملک وحید نے پارٹی کی جانب سے ٹکٹوں کی تقسیم کو مسترد کر دیا ہے یہی نہیں دونوں رہنماؤں نے عام انتخابات میں پارٹی چئیرمین عمران خان کے مد مقابل الیکشن لڑنے کا فیصلہ بھی کیا ہے۔

(جاری ہے)

پاکستان تحریک انصاف نے عام انتخابات 2018ء کے لیے اپنے اُمیدواروں کی فہرست جاری کردی ، پارٹی کی جانب سے کی گئی ٹکٹس کی تقسیم پر کئی اعتراضات اُٹھائے گئے اور کہا گیا کہ پارٹی نے اپنے اہم اور بانی رہنماؤں کو نظر انداز کر کے حال ہی میں پارٹی میں شامل ہونے والے سیاسی رہنماؤں کو ٹکٹ جاری کیا جو پارٹی کے نظریاتی رہنماؤں کے ساتھ سراسر زیادتی ہے۔

تحریک انصاف نے قومی اور صوبائی اسمبلیوں کیلئے 60فیصد امیدواروں کا اعلان تو کر دیا لیکن پارٹی کے مرکزی رہنماؤں کو ٹکٹ سے محروم رکھا۔سیالکوٹ سے فردوس عاشق اعوان،بابر اعوان، شوکت یوسفزئی، علی محمد،فیصل واڈا،شہر یار آفریدی،ڈاکٹر عامر لیاقت،سیف اﷲ نیازی، ولید اقبال ٹکٹ سے محروم رہے ۔ دریں اثنا راولپنڈی میں شیخ رشید کے مد مقابل امیدوار نہ لانے کا فیصلہ کیا گیا ہے ، پی ٹی آئی نے راولپنڈی میں شیخ رشید کی حمایت کرنے کا فیصلہ کیا۔

عمران خان خود این اے 53، 35، 61، 95 اور 131 سے انتخاب میں حصہ لیں گے۔خیال رہے کیہ پی ٹی آئی کی جانب سے خیبرپختونخوامیں صوبائی اسمبلی کے81 اُمیدواروں، سندھ اسمبلی کےفی الحال21 حلقوں،بلوچستان اسمبلی کے23 حلقوں ، اور پنجاب کے 165 حلقوں کے لئے انتخابی اُمیدواروں کو ٹکٹ جاری کیا گیا ۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات