ْمقبوضہ کشمیر میں رمضان المبارک میں ہندوستانی افواج کی ریاستی دہشتگردی قابل مذمت ‘عالمی حقوق کے ٹھیکیدار ان مظالم کو نوٹس لیں‘اقوا م متحدہ کی مجرمانہ غفلت کی وجہ سے 70سال سے کشمیری جان،مال اور عزت کی قربانی دے رہے ہیں

جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیرکے امیر ڈاکٹر خالد محمود خان کا لاہور میں افطار ڈنر سے خطاب

پیر 11 جون 2018 16:08

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 11 جون2018ء) جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیرکے امیر ڈاکٹر خالد محمود خان نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں رمضان المبارک میں ہندوستانی افواج کی ریاستی دہشت گردی قابل مذمت ہے،عالمی حقوق کے ٹھیکیدار ان مظالم کو نوٹس لیں،اقوا م متحدہ کی مجرمانہ غفلت کی وجہ سے 70سال سے کشمیری جان،مال اور عزت کی قربانی دے رہے ہیں ،جماعت اسلامی پاکستان نے ہمیشہ کشمیریوں کی پشتیبانی کی ،انتخابات میں مہاجرین مقیم پاکستان دیانتدار،باکردار جماعت اسلامی اور متحدہ مجلس عمل کے امیدواروں کو کامیاب کروانے میں کردارادا کریں ،جماعت اسلامی نے تحریک آزادی کشمیر،زلزلہ اور سیلاب کے موقع پر اہلیان کشمیر کی دل کھول کر مدد کی ،جماعت اسلامی آزادکشمیر کے کارکنان ہر اول دستے کا کردار ادا کرتے ہوئے ایم ایم اے کی بھرپور مہم چلائیں،70سال سے عوام کو خون چونسنے والے ایک بار پھر نئے جال کے ساتھ نمودار ہورہے ہیں ،امانت ،دیانت کو برئوے کار لایا جاتا تو آج پاکستان خوشخال اور پرامن پاکستان ہوتا ،مضبوط ،خوشخال پاکستان ہی تحریک آزادی کشمیر کا ضامن ہو سکتا ہے کشمیری تکمیل پاکستان کی جنگ لڑرہے ہیں ہندوستان کے تمام مظالم کے باوجود اس پار سید علی گیلانی 90سالہ بزرگ ایک 10سال کے نوجوان کی طرح اپنے موقف پر ڈٹا ہوا ہے جب تک ہندوستان کا ایک بھی فوجی مقبوضہ کشمیر سے نکل نہیں جاتا اس وقت تک کشمیری اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے ،حکومت پاکستان نے آئینی اصلاحات کے پراسس اور مالیاتی اور انتظامی اختیارات آزاد حکومت کو منتقل کر کے کشمیر اور پاکستان کے رشتے کو مضبوط کیا ہم ان کے شکر گزار ہیں حکومت آزادکشمیر اپنی ذمہ داریوں کو سمجھتے ہوئے ان اختیارات کا درست استعمال کر تے ہوئے خطے کو ماڈل بنائے تا کہ مقبوضہ کشمیر کے بھائیوں کے لیے رغبت کا باعث ہو ،کشمیر کی آزادی نوشتہ دیوار ہے ،کشمیریوں نے اپنے حصے کا کام مکمل کر لیا حکومت پاکستان آزادی کا جامع روڈ میپ دے ،ان خیالات کااظہار انہوں نے جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر ضلع لاہور کے زیر اہتمام افطار ڈنر سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،اس موقع پر سیکرٹری اطلاعات جماعت اسلامی پاکستان قیصر شریف،امیر جماعت اسلامی ضلع لاہور ذکر اللہ مجاہد،امیر جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر ضلع لاہور اعجاز کیانی،محمد زبیر ،سردار مقصود طاہر سمیت دیگر قائدین نے خطاب کیا ،افطار ڈنر کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر خالد محمود خان نے کہاکہ ماہ صیام نیکیوں کا موسم بہار ہے اپنی زندگیوں کو تبدیل کریں ،قرآن کو ترجمہ کے ساتھ مکمل کریں اور 11ماہ اس تسلسل کو جاری رکھیں جماعت اسلامی کے کارکنان قرآن کے ساتھ اپنے تعلق کو مضبوط کریں ،مطالعے کے کلچر کو عام کریں ،انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی آزادکشمیر ویژن 2030کے تحت آزادکشمیر کو ماڈ ل اسلامی فلاحی ریاست بنانے کی جدوجہد کررہی ہے۔