عید سعید خوشیوں اور برکتوں کا حسین امتزاج ہے‘ ان لمحات میں ہمیں معاشرے کے ایسے افراد جن کے معاشی وسائل نہ ہوں، بے سہارا‘ یتیم، بیوگان اور سفید پوش افراد کی بھرپور مالی معاونت کر کے اُنہیں بھی حقیقی خوشیوں میں شریک کرنا چاہیے

آزاد کشمیر اسمبلی کے سپیکر شاہ غلام قادر کا جاری بیان

بدھ 13 جون 2018 14:55

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 13 جون2018ء) آزاد کشمیر اسمبلی کے سپیکر شاہ غلام قادر نے کہا ہے کہ عید سعید خوشیوں اور برکتوں کا حسین امتزاج ہے۔ ان لمحات میں ہمیں معاشرے کے ایسے افراد جن کے معاشی وسائل نہ ہوں، بے سہارا، بے کس، یتیم، بیوگان اور سفید پوش افراد کی بھرپور مالی معاونت کر کے اُنہیں بھی حقیقی خوشیوں میں شریک کرنا چاہیے۔

یہ ہمارا دینی فریضہ ہے اور آپ ؐکی زندگی کا طرہء امتیاز ہے۔ پوری ملت اسلامیہ کو آمدہ عید پر دلی مُسرتوں کے ساتھ مبارکباد پیش کرتے ہوئے توقع کرتے ہیں کہ وہ مقبوضہ کشمیر، فلسطین سمیت اہم عالمی مسائل کے حل کے لیے اجتماعی کردار ادا کرتے ہوئے اپنی صفوں کو منظم رکھیں، اسی میں ہماری کامیابی ہے۔ سپیکر آزاد کشمیر اسمبلی نے کہا کہ اسلاف کے سنہری کارناموں اور کردار کو پیش نظر رکھ کر ہمیں مستقبل میں آگے بڑھنا ہو گا۔

(جاری ہے)

اُنہوں نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر کے عوام پر عرصہء حیات تنگ کر رکھا ہے جبکہ اسرائیل فلسطین میں مظالم کی انتہا کر رہا ہے۔ عالمی برادری اور اقوام متحدہ کو اپنا کردار ادا کرتے ہوئے ان خطوں کے عوام کو بنیادی انسانی حقوق دلانے میں پیش رفت کرنی چاہیے۔ اقوام متحدہ کا ادارہ عالمی طاقتوں کی گرفت میں اپنے کردار سے انحراف کر رہا ہے، اس باعث دُنیا میں بد امنی کو فروغ مل رہا ہے۔

بڑی طاقتیں چھوٹے اور کمزور ممالک کو روند رہی ہیں جو کہ قابل مذمت ہے۔ افغانستان سے بھی غیر مُلکی افواج کو واپس جانا چاہیے تاکہ امن قائم ہو سکے۔ سپیکر اسمبلی نے شہدائے کشمیرکو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ آزادی کی منزل اُن کی سنہری قربانیوں کے باعث قریب ہے اور اُنہیں ضرور کامیابی میسر آئے گی۔ خطے کے عوام اُن کے ساتھ قدم سے قدم ملا کر آگے بڑھیں گے۔