مسئلہ کشمیر کے حل تک خطے میں پائیدار امن کا خواب ہرگزشرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا،محاذ آزادی

بھارت فوجی طاقت کے بل پر کشمیریوں کو اپنے ساتھ رکھنے کی مذموم پالیسی پر بدستور عمل پیرا ،ناکامی کے سوا کچھ نہیں ملے گا، محمد اقبال میر

بدھ 13 جون 2018 20:28

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 جون2018ء) مقبوضہ کشمیر میں جموں کشمیر محاذآزادی کے صدر محمد اقبال میر نے کہا ہے کہ تنازعہ کشمیر کے حل تک خطے میں پائیدار امن و استحکام کا خواب ہرگز شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری اپنے پیدائشی حق ، حق خود ارادیت کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں جسے وہ مقصد کے حصول تک جاری رکھیں گے۔

کشمیر میڈیاسروس کے مطابق محمد اقبال میر نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ بھارت کے پہلے وزیر اعظم پنڈت جواہر لال نہرو نے کشمیریوںکو حق خود ارادیت دینے کا وعدہ کیا تھا اور وہ خود مسئلہ کشمیر کو اقوام میں لے گئے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ بھارت کشمیریوں سے کیے گئے اپنے وعدوں سے مکر گیا ۔ محمد اقبال میر نے کہا کہ بھارت فوجی طاقت کے بل پر کشمیریوں کو اپنے ساتھ رکھنے کی مذموم پالیسی پر بدستور عمل پیرا ہے لیکن اسے ناکام کے سوا کچھ نہیں ملے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ علاقے میں بھارت کی طرف سے انسانی حقوق کی پامالیاں عروج پر ہیں اور وہ اب تک لاکھوں کشمیریوں کو شہید کر چکا ہے۔انہوںنے کہا کہ اس وقت ہزاروں کشمیری مختلف جیلوں اور تفتیشی مراکز میں بند ہیں جنہیں بنیادی سہولیات سے محروم رکھ کربدترین سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ انہوںنے کہا کہ تنازعہ کشمیر کی وجہ سے پورے خطے کا امن دائو پر لگا ہوا ہے لہذا اقوام متحدہ کی ذمہ داری ہے کہ وہ کشمیر کے بارے میں اپنی قراردادوں پر عمل درآمد کروائے ۔ محمد اقبال میر نے کشمیریوں سے اپیل کی کہ وہ عید الفطر سادگی سے منائیں اوربھارتی ریاستی دہشت سے متاثرہ خاندانوں کو ہرگز نہ بھولیں۔