مشترکہ حریت قیادت کی نوجوانوں کے قتل کے خلاف پرسوں جمعرات کو مکمل ہڑتال کی کال

بھارتی پولیس نے جموںوکشمیر پیپلز لیگ کے چیئرمین مختار احمد وازہ کو ضلع اسلام آباد میں گرفتار کرلیا

منگل 19 جون 2018 14:46

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جون2018ء) مقبوضہ کشمیر میں مشترکہ حریت قیادت نے وادی کشمیر میں بھارتی فورسز کے ہاتھوں نوجوانوں کے قتل کے خلاف پرسوں جمعرات کو مکمل ہڑتال کی کال دی ہے۔کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق حریت قیادت نے سرینگر میں جاری ایک مشترکہ بیان میں کہاکہ علاقے میںعید کے بعد نوجوانوں کے قتل عام میں اچانک تیزی آگئی ہے اوربھارتی فوجیوں نے تین نوجوانوں کو بے رحمی سے شہید کردیاہے جبکہ ایک نوجوان سرینگر میں ایک ہسپتال میں موت وحیات کی کشمکش میں مبتلا ہے۔

(جاری ہے)

بیان میں کہاگیا کہ مقبوضہ علاقے میں محاصروں اورتلاشی کارروائیوں سے عوام کی زندگی اجیرن بن چکی ہے۔ بیان میں افسوس کا اظہار کیاگیا کہ لوگوں کو شدید تشددکا نشانہ بنایا جارہااورانہیں ہراساں اور انسانی ڈھال کے طور پر استعمال کیا جارہا ہے۔سینئر صحافی شجاعت بخاری کے قتل کے خلاف بھی ہڑتال کی جائے گی۔مشترکہ قیادت نے شجاعت بخاری کے بہیمانہ قتل کی بین الاقوامی سطح پر تحقیقات کا بھی مطالبہ کیا ہے۔دریں اثناء بھارتی پولیس نے جموںوکشمیر پیپلز لیگ کے چیئرمین مختار احمد وازہ کو ضلع اسلام آباد میں گرفتار کرلیا ہے۔ وہ ضلع کولگام کے علاقے نوپورہ میں شہید اعجاز احمد کے گھر جارہے تھے۔