کراچی میں کم از کم 10 میٹرو لائنز ہونی چاہیے تھیں اور اگر ہمیں موقع ملا تو گرین لائن کے علاوہ تین نئی سروس چلائیں گے، شہباز شریف

پہلے کراچی میں بھتا خوری اور ٹارگٹ کلنگ ہوتی تھی، ہماری حکومت نے کراچی کا امن بحال کیا، رینجرز اور پولیس کی خدمات کا اعتراف بھی ضروری ہے، دہشت گردی کا قوم اورفوج نے بڑی جان فشانی سے مقابلہ کیا،عوامی وفود سے گفتگو

منگل 26 جون 2018 20:49

کراچی میں کم از کم 10 میٹرو لائنز ہونی چاہیے تھیں اور اگر ہمیں موقع ملا ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 26 جون2018ء) پاکستان مسلم لیگ(ن)کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ کراچی میں کم از کم 10 میٹرو لائنز ہونی چاہیے تھیں اور اگر ہمیں موقع ملا تو گرین لائن کے علاوہ تین نئی سروس چلائیں گے۔ منگل کو کوکراچی میں مختلف وفود سے ملاقات کے دوران شہباز شریف نے کہا کہ کراچی ملک کا سب سے بڑا شہر اور معاشی حب ہے، کراچی سے اس لیے الیکشن لڑرہا ہوں کہ یہ پاکستان کا دل ہے، پہلے کراچی میں بھتا خوری اور ٹارگٹ کلنگ ہوتی تھی، ہماری حکومت نے کراچی کا امن بحال کیا، رینجرز اور پولیس کی خدمات کا اعتراف بھی ضروری ہے، دہشت گردی کا قوم اورفوج نے بڑی جان فشانی سے مقابلہ کیا۔

سالڈ ویسٹ کی وجہ سے کراچی کا ماحول تبدیل ہوگیا ہے، کماؤ شہر کراچی کے 2 کروڑ کی آبادی کے ساتھ زیادتی ہے۔

(جاری ہے)

یہاں پبلک ٹرانسپورٹ اہم مسئلہ ہے جس کی وجہ سے عام آدمی بحران میں مبتلا ہے، کراچی میں کم از کم 10 میٹرو لائن ہونی چاہئیے تھیں، ہم آئندہ کراچی میں 3 اورنج میٹرو لائنز لائیں گے۔ ترقی کی کنجی تعلیمی ادارے ہیں اگر ہم کراچی سے الیکشن جیت گئے تو منتخب ہونے کے بعد تعلیمی اداروں کا جال بچھایا جائے گا۔

صدر پاکستان مسلم لیگ(ن) نے کہا کہ ملک کی آبادی کا 60 فیصد 16 سے 30 سال کی عمر کے نوجوانوں پر مشتمل ہے، پاکستان کے نوجوان انتہائی باصلاحیت ہیں جنہیں طاقتور بنانا ہے، اسٹیٹ بینک کو پابند بنائیں گے کہ وہ نوجوانوں کو آسان شرائط پر قرضے فراہم کریں، ملک میں سب سے بڑا چیلنج پانی کی قلت ہے الیکشن جیت کر آبی قلت پر قابو پائیں گے۔ ملک میں چھوٹے ڈیموں کی اشد ضرورت ہے، کالا باغ ڈیم پر بحث کرنا وقت کے ضیاع کے مترادف ہے، پانچ سال میں بھاشا ڈیم کا 70 فیصد کام ہوسکتا ہے، ہم نے اگر بھارت پر انحصار کیا توہم تباہ ہوجائیں گے، اب ہمیں ڈیمز بنانے ہیں ہمیں موقع ملا تو اولین ترجیح بھاشا ڈیم بنانا ہوگی، بھاشا ڈیم سے سندھ کی ضرورت پورا کریں گے۔#