بلاول بھٹو زرداری کے لیاری میں الیکشن کے سلسلے میں لیاری یوتھ کنونشن کا انعقاد

ضلع ساؤتھ کے مختلف یونین کونسلز کے نوجوانوں نے شرکت کی

منگل 26 جون 2018 22:58

بلاول بھٹو زرداری کے لیاری میں الیکشن کے سلسلے میں لیاری یوتھ کنونشن ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 26 جون2018ء) چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کے لیاری میں الیکشن کے سلسلے میں پیپلز یوتھ آرگنائزیشن سندھ کی جانب سے گزشتہ روزلیاری میں یوتھ کنونشن کا انعقاد کیا گیا، جس میں ضلع ساؤتھ کے مختلف یونین کونسلز کے نوجوانوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر صدر پیپلز یوتھ آرگنائزیشن سندھ جاوید نایاب لغاری، جنرل سیکرٹری شعیب مرزا،روما مٹو، نادر گبول، مصرور راجپر، اقربا فاطمہ اور دیگر نے شرکت کی، کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے صدر پیپلز یوتھ سندھ جاوید نایاب لغاری اور شعیب مرزا نے کہا پیپلز یوتھ کے جانب سے چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری کی الیکشن کمپیئن کا باقاعدہ طور پر آغاز کر دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جس طرح قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید بے نظیر بھٹو نے اپنی سیاست کا آغاز لیاری سے کیا تھا ملک پاکستان کے نوجوان لیڈر و چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری بھی اپنی سیاست کا آغاز لیاری سے کرنے جارہے ہیں، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی الیکشن کمپیئن منظم انداز سے کریں گے اس سلسلہ میں ہم مدر وینگ کی مشاورت سے یونین کونسل سطح پر کمیٹیاں تشکیل دیں گے جو الیکشن کے نتائج تک کام کرتی رہیں گی، وہ کمیٹیاں نوجوانوں پر مشتمل ہوں گی، کنونشن میں خصوصی طور پر چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کے الیکشن کمپیئن کے کنوینر سردار نبیل گبول، ضلع صدر پیپلز پارٹی ساؤتھ خلیل ہوت اور پیپلزپارٹی کراچی ڈویڑن کے جنرل سیکرٹری جاوید ناگوری ودیگر نے شرکت کی۔